کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) تحریک انصاف کے رہنما شفقت محمود نے ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ رانا ثناء اللہ اور عابد شیر علی ماضی میں بھی خواتین کی تضحیک کرتے رہے ہیں، شفقت محمود نے کہا کہ چوہدری نثار اگر تحریک انصاف میں آئے تو انہیں خوش آمدید کہیں گے، انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف کے نظریاتی ہونے پر ہنسی آتی ہے، میاں نواز شریف احتساب کا پھندہ گلے میں پڑتے ہی اچانک نظریاتی ہوگئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ خواتین سے
متعلق ایسی واہیات اور بے ہودہ بات کرنا قابل مذمت ہے، انہوں نے کہا کہ عدالت میں میاں نواز شریف پر الزام ثابت ہو جاتا ہے تو ان کو بھی دیگر لوگوں کی طرح سزا ہونی چاہئے، تحریک انصاف کے رہنما شفقت محمود نے کہا کہ میاں نواز شریف کے 1985ء اور آج کے اثاثوں میں کئی ارب ڈالرز کا فرق ہے، اس وقت شریف فیملی کی ساری ملیں خسار ے میں رہتی تھیں، نجی ٹی وی چینل سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نیب کا حالیہ احتساب سیاست سے بالاتر نظر آ رہاہے۔