اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) بڑھتی ہوئی لوڈ شیڈنگ پر سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کو شدید تشویش لاحق ہو گئی، ایک نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق ن لیگ کے قائد میاں نواز شریف نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے کہا ہے کہ لوڈشیڈنگ کی وجہ سے حکومت اور ن لیگ کا امیج متاثر ہو رہا ہے، انہوں نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے کہا کہ عوامی شکایات کا فوری طور پر ازالہ کیا جائے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف نے وزیراعظم
شاہد خاقان عباسی سے کہا کہ سسٹم میں 10 ہزار سے زائد میگاواٹ بجلی شامل کرنا مسلم لیگ (ن) کا کارنامہ ہے، عوام تک اس کے ثمرات پہنچنے چاہئیں، عوامی شکایات کا فوری ازالہ کرتے ہوئے لوڈشیڈنگ پر قابو پایا جائے۔اس موقع پر وزیرِاعظم شاہد خاقان عباسی نے ن لیگ کے قائد میاں نواز شریف کو بتایا کہ حالیہ لوڈشیڈنگ تکنیکی وجوہات اور سسٹم میں خرابی کی وجہ سے ہوئی۔ رمضان میں سحر اور افطار کے موقع پر بجلی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔