اٹک (مانیٹرنگ ڈیسک) ڈھوک گاما جو کہ اٹک کے علاقے بسال روڈ پر واقع ہے میں ایک بس کے قریب دھماکہ ہو گیا ہے، نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق اس دھماکے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ متعدد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بسال روڈ پر ڈھوک گاما کے قریب دو موٹر سائیکل سواروں نے سرکاری بس کو نشانہ بنایا اور دھماکہ کرکے وہاں سے فرار ہو گئے۔ دہشت گردی کے اس واقعہ کی اطلاع ملتے ہی سکیورٹی فورسز اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور تمام
علاقے کو گھیر لیا، ٹی وی ذرائع کے مطابق جس بس کو حملے کا نشانہ بنایا گیا اس میں سویلین ملازمین سوار تھے، اس دھماکے میں ایک آدمی جاں بحق اور تیرہ افراد زخمی ہو گئے، ذرائع کا کہنا ہے کہ ان موٹر سائیکل سواروں نے پہلے بس کا تعاقب کیا اور پھر اسے نشانہ بنایا۔ امدادی ٹیموں نے زخمی افراد کو ہسپتال منتقل کر دیا ہے جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے، ہسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ اس دھماکے کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق ہوا ہے اور باقی زخمیوں سے بعض کی حالت کافی نازک ہے۔