تریپولی(مانیٹرنگ ڈیسک)لیبیا میں الیکشن کمیشن کے دفترپر حملے میں 7افراد جاں بحق ہوگئے، حملہ آوروں نے عمارت کوآگ لگادی،سیکیوریٹی فورسزکی عمارت پر دہشت گردوں سے قبضہ چھڑوانے کیلیے جھڑپ جاری ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق لیبیا میں
الیکشن کمیشن کے دفترپر ایک گروہ کے حملے میں 7افراد جاں بحق ہوگئے ہیں جبکہ حملہ آوروں نے عمارت کوآگ لگادی ہے ۔حکومتی ترجمان خالد عمرنے بتایاہے کہ عمارت پر دہشت گردوں کے قبضہ چھڑوانے کیلیے ان کے ساتھ سیکیوریٹی فورسزکی جھڑپ جاری ہے۔عمارت پر حملہ کرنے والوں میں دو خودکش حملہ آور بھی شامل تھے۔ترجمان نے بتایا مرنے والوں میں الیکشن کمیشن کے 3ملازمین اور سیکیورٹی فورسز کے 4اہلکار شامل ہیں۔ترجمان نے بتایا اس نے خود دو خودکش حملہ آوروں کو عمارت میں گھستے دیکھااور حملے کے بعد ان کے جسم کے چیتھڑے بھی دیکھے ہیں۔خالد کاکہناتھا کہ ایک خودکش حملہ آورنے عمارت کے اندر خود کو دھماکے سے اڑایا جبکہ باقی دہشت گردوں نے عمارت کو آگ لگادی۔حملے کی ذمے داری اب تک کسی نے قبول نہیں کی ہے جبکہ الیکشن کمیشن نئے انتخابات کیلیے ووٹوں کا اندراج کررہاہے۔ اقوام متحدہ کے مطابق اس سال کے آخر تک لیبیا میں انتخابات ہونے ہیں۔