اسلام آباد(آن لائن ) نیب حکام نے نیو اسلام آباد ائرپورٹ میں مبینہ پچاس ارب روپے کی کرپشن کی ابتدائی تحقیقات میں کرپٹ افسران اور ٹھیکیداروں کی شناخت اور نشاندہی کرلی ہے ، نیب نے یہ تحقیقات پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی ہدایت پر شروع کی تھیں مشرف دور میں نیو اسلام آباد ائرپورٹ 28 ارب روپے سے شروع کیا گیا تھا جو اب 109 ارب روپے سے مکمل ہوا ہے جس میں مبینہ طورپر پچاس ارب روپے کی کرپشن کی نذر ہوگئے ہیں
نیب ذرائع نے بتایا کہ نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کی بیٹی کے سسرالی اس منصوبہ کا ٹھیکیدار تھا جن کی نشاندہی ہوچکی ہے اور بیان ریکارڈ کرانے کیلئے انہیں نوٹسز جاری کئے جائینگے چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال نے ڈی جی نیب راولپنڈی عرفان منگی کو جلد تحقیقات مکمل کرنے کی ہدایت کررکھی ہے پی اے سی کی سب کمیٹی اپوزیشن لیڈر شیریں رحمان کی سربراہی میں قائمہ کمیٹی نے اس منصوبہ میں مبینہ اربوں روپے کی کرپشن کی تصدیق کی ہے اور نیب کو سمری ارسال کرتے ہوئے تحقیقات جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے نیب ذرائع نے بتایا کہ سیکرٹری سول ایوی ایشن عرفان الہی اور سابق سیکرٹریز ایوی ایشن کو بھی طلب کرکے بیانات ریکارڈ کئے جائیں گے نیب حکام نے بتایا کہ اس سکینڈل میں قوم کا خزانہ لوٹا گیا ہے اور یہ دولت لوٹ کر منی لانڈرنگ کے ذریعے بیرون ملک منتقل کئے جانے کا امکان ہے کرپٹ مافیا نے اس منصوبہ کے تیرہ ڈائریکٹرز کو تبدیل کردیا ہے نیو اسلام آباد ائرپورٹ کے لئے خریدی گئی زمینوں میں مبینہ اربوں روپے کی کرپشن کی گئی ہے نیب ذرائع نے بتایا ہے کہ پورے سکینڈل کے ذمہ دار کرپٹ مافیا کو جلد گرفتار کیاجائے گا اور لوٹی ہوئی دولت واپس لائیں گے ۔