نیویارک (آئی این پی ) اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے کہا ہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری سے علاقائی روابط کے ذریعے تمام ملکوں میں خوشحالی آئے گی ،چینی شہر کا شغر کو پاکستان کی گوادر بندرگاہ سے منسلک کرے گا، اس میں تین ہزار کلومیٹر طویل شاہراؤں ، ریلوے ، پائپ لائنز اوربنیادی ڈھانچے کے پروگرام شامل ہیں ۔چینی خبررساں ادارے کو ایک انٹرویو میں انہوں نے کہاکہ ہم پاکستان میں چین کے ایک خطہ ایک سڑک منصوبے کو اکیسویں صدی کے کاروبار کیلئے انتہائی اہم تناظر میں دیکھتے ہیں۔
ملیحہ لودھی نے کہاکہ 46 ارب ڈالر مالیت کا یہ منصوبہ جس میں تین ہزار کلومیٹر طویل شاہراؤں ، ریلوے ، پائپ لائنز اوربنیادی ڈھانچے کے پروگرام شامل ہیں چین کے صوبے سنکیانگ کے شہر کا شغر کو پاکستان کی گوادر بندرگاہ سے منسلک کرے گا۔انہوں نے کہاکہ اس سے نہ صرف چین بلکہ جنوبی اور وسطی ایشیا میں بھی اربوں لوگوں کی زندگیاں بہتربنانے میں مدد ملے گی ۔پاکستانی مندوب نے کہاکہ ایک خطہ ایک سڑک منصوبے کا مقصد تمام لوگوں کی فلاح وبہبود ہے اور اس وقت تقریبا 100 ملک اس منصوبے میں شامل ہیں۔