اسلام آباد ( مانیٹرنگ ڈیسک ) وفاقی دارالحکومت میں امریکی سفارت خانے کی گاڑی نے ایک اور پاکستانی کو کچل دیا ، سیکرٹریٹ چوک پرامریکی سفارت خانے کے سیکنڈ سیکرٹری چاڈ ریکس نے موٹر سائیکل سوار کو ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں ایک شخص زخمی ہو گیا جسے پمز منتقل کر دیا گیا ، جب کہ امریکی سفارتکار کو گاڑی سمیت تھانہ سیکرٹریٹ منتقل کر دیا گیا ، جہاں اس نے اپنی سرکاری دستاویزات اور شناختی کارڈ پولیس کو دیا ،
پولیس وزارت خارجہ کے ذریعے غیر ملکی شہری کی دستاویزات کی تصدیق کرائے گی ۔تفصیلات کے مطابق اتوار کو ریڈ زون میں پاکستان ٹیلی وژن کی عمارت کے سامنے امریکی سفارت خانے کی تیز رفتار گاڑی نے موٹر سائیکل سوار کو ٹکر ماری جس سے موٹر سائیکل پر سوار دو افراد میں سے ایک زخمی ہو گیا جسے پمز منتقل کر دیا گیا ۔ حادثہ رات 9 بج کر 40 منٹ پر شاہراہ دستور پر سیکرٹریٹ چوک پر پیش آیا ۔گاڑی میں سوار امریکی سفارت کار نے پولیس کو اپنا تعارف بھی نہیں کرایا اور نہ ہی گاڑی کا شیشہ اور دروازہ کھولنے دیا اس دوران امریکی سفارتخانے کے کچھ پاکستانی ملازمین سیکرٹریٹ چوک پہنچے جنہوں نے امریکی سفارتکار سے دستاویزات لے کر پولیس کو دیں ۔ پولیس کی 4 موبائل وینز نے امریکی سفارتکار کی گاڑی کا گھیراؤ کیا تاکہ وہ بھاگ نہ سکے ۔ اس دوران سینئر پولیس افسران موقع پر پہنچے اور انہوں نے امریکی سفارت کار کو گاڑی سمیت تھانہ سیکرٹریٹ منتقل کرنے کی ہدایت کی جس پر پولیس کی موبائل وینز نے امریکی سفارت کار کی گاڑی کو محاصرے میں لے کر تھانہ سیکرٹریٹ منتقل کردیا گیا جہاں امریکی شہری نے اپنی سفارتی دستاویزات پیش کی جس کی وزارت خارجہ کے ذریعے تصدیق کی جا رہی ہے ۔ زخمی ہونے والا نذاکت اسلم موتمر عالم اسلامی کے دفتر میں ملازم ہے پولیس نے واقعہ کی تحقیقات شروع کر دی ہیں ۔یاد رہے کہ سات اپریل کو وفاقی دارالحکومت میں
امریکی سفارتکار کی گاڑی نے موٹر سائیکل کو ٹکر ماردی تھی جس کے نتیجے میں ایک موٹر سائیکل سوار جاں بحق اور دوسرا شدید زخمی ہوگیا تھا۔واقعہ اسلام آباد میں دامن کوہ کے قریب پیش آیا جہاں امریکی سفارت خانے کے ڈیفنس ائیر اتاشی کی گاڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار جاں بحق ہوگیا۔پولیس کے مطابق حادثے کے وقت امریکی سفارت خانے کے ڈیفنس ائیر اتاشی گاڑی خود چلا رہے تھے، گاڑی کو تھانہ کوہسار منتقل کر دیا گیا تاہم سفارتی استثنی کے باعث سفارتکار کو گرفتار نہیں کیا گیا۔