اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک/نیوز ایجنسیاں)سابق وزیراعظم نواز شریف نے احتساب عدالت کے باہر پیشی کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ لندن فلیٹس ہم نے قومی خزانے سے نہیں خریدے ہم نے کرپشن سے مال بنا کر اثاثے بنائے تو ثابت کریں۔ اربوں کھربوں کا الزام تو لگایا لیکن کوئی بھی چیز ثابت نہیں کرسکے جس طرح میرے خلاف مقدمات بنائے گئے ہیں تاریخ میں اس کی مثال نہیں ملتی۔ جب کرپشن کا معاملہ دور دور تک نہیں ہے تو یہ سلسلہ ختم ہونا چاہئے۔ اﷲ ہمیں تمام الزامات سے سرخرو کرنے جارہا ہے ووٹ کو عزت دو کا نعرہ
گاؤں گاؤں پھیل چکا ہے اب یہ معاملہ نہیں رکے گا یہ اکیسویں صدی ہے اور اس میں کسی کی زبان کو بند نہیں کیا جاسکتا۔ اگر کوئی سمجھتا ہے کہ وہ زبان بندی کرسکتا ہے تو یہ ایسے ہی ہے کہ کبوتر اپنی آنکھوں کو بند کرلے اور سوچے کی کوئی اس کو نہیں دیکھ رہا۔ معاملات ایسے نہیں چلیں گے یہ قوم حساب مانگ رہی ہے اور آگے بھی مانگے گی آپ جو مرضی کردیں اور کہہ دیں اور توقع کریں کہ آگے سے جواب نہیں آئے گا تو جواب تو آئے گا۔ جواب صرف نواز شریف کی طرف سے نہیں بلکہ بائیس کروڑ عوام بھی اس کا جواب دیں گے۔