اسلام آباد (آئی این پی ) اسلام آباد میں گاڑی کی ٹکر سے نوجوان کی جان لینے والے امریکی سفارت کار کرنل جوزف کانام بلیک لسٹ میں شامل کر تے ہوئے کہا ہے کہ وزارت خارجہ سے عدالتی سوالنامے کے جوابات مانگ لیے ۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں جواب جمع کرادیا جس میں بتایا گیا ہے کہ امریکی ملٹری اتاشی کرنل جوزف کا نام بلیک لسٹ میں شامل کرلیا گیا ہے۔
ڈپٹی اٹارنی جنرل راجا خالد نے عدالت کو بتایا کہ امریکی سفارت خانے کے دفاعی اتاشی پاکستان نہیں چھوڑ سکتے، کرنل جوزف کو سفارتی استثنا حاصل ہے اس لیے ان کی گرفتاری ہوسکتی ہے اور نہ ہی ٹرائل کیا جا سکتا ہے۔ڈپٹی اٹارنی جنرل نے عدالت کے روبرو مزید کہا کہ آفیشل ڈیوٹی کے دوران حادثے کی صورت میں ویانا کنونشن سفارتکاروں کو استثنی دیتا ہے جب کہ سفارتکار کا نام ای سی ایل میں شامل کرنا طویل عمل ہے۔ڈپٹی اٹارنی جنرل نے کہا کہ اگر کوئی سفارتکار اپنا استثنی واپس لے لیتا ہے تو پھر ٹرائل کیا جاسکتا ہے۔عدالت نے قرار دیا کہ عتیق بیگ قتل کیس میں وزارت خارجہ عدالتی سوالنامے کے جوابات دے۔یاد رہے کہ 7 اپریل کی سہہ پہر تین بجے امریکی ملٹری اتاشی کرنل جوزف نے سگنل کی خلاف ورزی کرتے ہوئے دو موٹر سائیکل سوار افراد کو روند دیا تھا جس کے نتیجے میں عتیق بیگ نامی نوجواں موقع پر جاں بحق اور اس کا کزن شدید زخمی ہوگیا تھا۔