اسلام آباد(نیوز ڈیسک) قائمقام امریکی نائب وزیرخارجہ ایلس ویلز نے سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ سے ملاقات کی تاہم اس دوران انہوں نے پاکستانی سفارتکاروں پر سفری پابندیاں عائد نہ کرنے کی یقین دہانی کرانے سے گریز کیا جبکہ پاکستان بھی اپنے شہری کی ہلاکت سے متعلق مؤقف پر قائم ہے کہ امریکی سفارتکار کے خلاف ویانا کنونشن اور ملکی قوانین کے تحت کارروائی ہوگی ۔
پیر کو نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق قائمقام امریکی نائب وزیر خارجہ ایلس ویلز نے سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ سے ملاقات کی ۔ ذرائع کے مطابق اس دوران دونوں ممالک سفارتکاروں کی نقل وحرکت محدود رکھنے سے متعلق اپنے مؤقف پر قائم رہے ۔ پاکستان نے ایلس ویلز کو امریکہ سفارتکاروں کی نقل وحرکت سے متعلق سیکیورٹی وجوہات سے آگاہ کیا ۔ امریکہ نے پاکستانی سفارتکاروں پر سفری پابندیاں عائد نہ کرنے کی یقین دہانی کرانے سے گریز کیا جبکہ پاکستان بھی شہری کی ہلاکت سے متعلق امریکی سفارتکار کے بارے میں مؤقف پر قائم ہے کہ امریکہ سفارتکار کے خلاف ویانا کنونشن اور ملکی قوانین کے تحت کارروائی ہوگی ۔درین اثناء امریکی سفارتخا نے نے کہا ہے کہ قائمقام نائب وزیر خارجہ ایلس ویلز نے اپنے دورہ اسلام آباد کے دوران سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ اور دیگر حکام سے ملاقاتوں میں جنوبی ایشیا سے متعلقہ امریکہ کی پالیسی اور علاقائی سلامتی واستحکام سے متعلق کوششوں پر تبادلہ خیال کیا ۔پیر کو امریکی قائمقام نائب وزیر خارجہ ایلس ویلز کے دورہ پاکستان پر امریکہ کے سفارتخا نے کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ایلس ویلز نے اپنے دورہ اسلام آباد میں سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ اور دیگر حکام سے ملاقاتیں کیں جس میں جنوبی ایشیا سے متعلقہ امریکہ کی پالیسی اور علاقائی سلامتی واستحکام سے متعلق کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔