لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صدر اور وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیر صدارت مسلم لیگ(ن) بلوچستان کا اجلاس منعقد ہوا جس میں وفاقی وزراء احسن اقبال، لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ ، سابق وزیراعلی نواب ثناء اللہ زہری، اراکین قومی اسمبلی زاہد حامد، حمزہ شہباز شریف ، سپیکر بلوچستان اسمبلی راحیلہ درانی، سینیٹر ڈاکٹر آصف کرمانی ، جمال شاہ کاکڑ، امیر افضل مندوخیل ، سیدال خان ناصر ، یونس بلوچ اور فرید افغان خان نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی صدر کی جانب سے بلوچستان میں پارٹی کیلئے قائم مقام عہدیداران کو نامزدکیا گیا۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر نے لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ پاکستان مسلم لیگ( ن) بلوچستان کے قائم مقام صدر کے عہدے پر نامزدکیا جبکہ جمال شاہ کاکڑ اور میر افضل مندوخیل قائم مقام سینئر نائب صدور کے عہدوں پر نامزدکئے۔ اسی طرح سیدال خان ناصر پارٹی کے قائم مقام جنرل سیکرٹری اوریونس خان بلوچ پارٹی کے قائم مقام ایڈیشنل جنرل سیکرٹری جبکہ فرید افغان خان کو مسلم لیگ( ن) بلوچستان کے قائم مقام سیکرٹری اطلاعات کے عہدوں پر نامزدکیا گیا۔ اجلاس میں بیگم کلثوم نواز کی جلد صحت یابی کیلئے دعا بھی کی گئی۔محمد شہباز شریف نے ثناء اللہ زہری کی پارٹی کیلئے خدمات اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ثناء اللہ زہری پوری لگن اور جذبے کے ساتھ پارٹی کے ساتھ کھڑے رہے ہیں ۔ وزیر اعلی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب نے مل کر بلوچستان میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کو مضبوط بنانا ہے ۔قائد محمد نواز شریف کی قیادت میں سب نے پارٹی کی مضبوطی کے لئے کام کرنا ہے اور میں بھی جلد کوئٹہ کا دورہ کروں گا۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں جو کچھ ہوا اس پر مورخ ضرور لکھے گا۔ عہدیداران مسلم لیگ (ن) بلوچستان نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہم قائد محمد نواز شریف اور پارٹی صدر محمد شہباز شریف کے اعتماد پر پورا اتریں گے ۔بلوچستان کے عوام آپ کی قدر کرتے ہیں ۔