اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) اسلام آباد ہائی کورٹ میں وزیر خارجہ خواجہ آصف کی نا اہلی سے متعلق کیس میں خواجہ آصف کی طرف سے دبئی کی کمپنی کا خط جمع کرا دیا گیا ۔ دبئی کی انٹرنیشنل مکینکل اینڈ الیکٹرانکل کمپنی کی جانب سے بھجوائے جانے والے خط میں کہا گیا ہے کہ کمپنی کا نمائندہ خواجہ آصف کی نوکری اور شرائط پر پاکستان کی عدالت میں گواہی دے سکتا ہے ، عدالت میں جمع کرائے جانے والے خط میں کہا گیا ہے کہ خواجہ آصف کے ساتھ کنسلٹیشن معاہدہ کے تحت فل ٹائم کمپنی
میں ان کی موجودگی ضروری نہیں ہے ،ان کی خدمات بطور لیگل ایڈوائزر لی گئی ہیں ، خواجہ آصف سے کسی معاملہ پر تجاویز فون یا ان کے دورہ دبئی کے دوران لے لی جاتی ہیں۔ کمپنی کی جانب سے بھیجے گئے خط کو اضافی دستاویزات کی صورت میں اسلام آباد ہائی کورٹ میں جمع کرا دیا گیا ہے ، خواجہ آصف کی نا اہلی کے لئے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عثمان ڈار کی درخواست پر فیصلہ محفوظ ہوچکا ہے عدالت نے فریقین کو اضافی دستاویزات جمع کرانے کیلئے پیرتک وقت دیا تھا۔