اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس جاوید اقبال نے پاناما اور برٹش ورجن آئس لینڈ میں 435 پاکستانیوں کی آف شور کمپنیوں کے حوالے سے نیب کی انکوائری کے حوالے سے رپورٹ طلب کی ہے۔ چیئرمین نیب نے قبل ازیں ہدایت کی تھی کہ پاناما انکوائری میں کسی قسم کا دباؤ قبول نہ کیا جائے اور تحقیقات کا عمل شفاف ہو اور اس حوالے سے تحقیقات کو میرٹ اور مضبوط شہادتوں کی روشنی میں
مکمل کیا جائے۔ نیب سے جاری بیان کے مطابق چیئرمین نیب نے پاناما پیپرز کے حوالے دیگر تمام شراکتداروں کے باہمی تعاون کے حوالے سے بھی رپورٹ طلب کی ہے جو پہلے ہی اس حوالے سے کام کر رہے ہیں ان اداروں میں ایف بی آر، سٹیٹ بنک آف پاکستان اور ایس ای سی پی سمیت دیگر ادارے شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان اداروں کے پاس شواہد کی روشنی میں 435 افراد کے حوالے سے تحقیقات کا عمل مکمل کیا جائے۔