اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)نواز شریف کی تاحیات نا اہلی، نیب کی جانب سے نواز شریف کو بلانے اور ان کے خلاف زیر سماعت مقدمات میں متوقع سزا کے پیش نظر مسلم لیگ (ن) نے بھرپور احتجاجی مہم چلانے کی منصوبہ بندی کر لی ہے۔ متوقع احتجاجی تحریک کے حوالے سے تین گروپ تشکیل دے دئیے ہیں ، پہلے گروپ میں مرکزی قیادت ، دوسرے میں متحرک ترین صوبائی رہنما ،تیسرے گروپ میں بھی متحرک رہنماؤں کے نام رکھے گئے ہیں۔
پہلے گروپ کی گرفتاری کی صورت میں دوسرا اور اسی طرح تیسرا گروپ احتجاجی تحریک چلائے گا۔ تحریک کے حوالے سے مختلف اضلاع کے ارکان اسمبلی ، یو سی چئیرمین اور کونسلرز سے ملاقاتیں کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔ نواز شریف خود ان لوگوں سے ملاقاتیں کریں گے۔ پہلے مرحلے میں گوجرانوالہ ،ملتان ڈویژن کے ارکان کو اسلام آباد میں بلایا جا رہا ہے، ۔ملاقاتوں کا یہ سلسلہ ڈیڑھ سے دو ہفتوں تک جاری رہے گا۔