اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) اسلام آباد میں قائم امریکی سفارت خانہ کے ترجمان رچرڈ سنلسری کا کہنا ہے کہ امریکن سفارتخارنہ اسلام آباد میں کارحادثے میں ہلاک ہونے والے شخص کے ورثا ء کو کسی قسم کی ادائیگی نہیں کررہا اور نہ ہی سفارتخانے نے کسی کو ایسی کوئی پیشکش کی ہے،
آن لائن سے بات کرتے ہوئے ترجمان رچرڈ کا کہنا تھا کہ ہفتہ کے روز رونما ہونے والے محض ایک حادثہ ہے جس کے نتیجے میں پاکستانی نوجوان ہلاک ہوا ، جس کا ہم سب کو بھی اتنا ہی افسوس ہے جتنا کہ کسی دوسرے پاکستانی کو افسو س ہے۔ البتہ سفارتخانے کا عملہ پاکستانی تفتیشی اداروں کے ساتھ واقعے کی تحقیقات میں مکمل تعاون کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ویانا کنونشن کے تحت کسی بھی سفارتی اہلکار کو سفارتی استثناء حاصل ہوتاہے۔لہذا ملٹری اتاشی کرنل جوزف عمانیویل کی گرفتاری کاکوئی جواز نہیں بنتا۔ کرنل جوزف نے حادثے کے وقت متعلقہ پولیس اہلکاروں کے ساتھ کوئی بدتمیز ی نہیں کی اور نہ ہی موقع واردات سے بھاگنے کی کوشش کی ہے۔ امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل نے اس سلسلے میں سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ کے ساتھ ملاقات کے دوران تمام تر صورتحال واضع کردی تھی۔ مقامی اخبار میں شائع ہونے والی خبر کے حوالے ترجمان امریکن سفارتخانہ رچرڈ نے کہا کہ یہ خبر محض مفروضات پر مبنی ہے ،البتہ امریکن سفارتخانہ اسے رد کرتا ہے ، انہوں نے کہا کہ ہم نے واضع کردیا ہے کہ سفارتخانے کا عملہ پاکستانی تحقیقاتی اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کرتا ہے اور واقعے کی تحقیقات میں اپنا تعاون جاری رکھے گا۔ انہوں نے میڈیا پر جاری مختلف منفی خبروں کی تردید کی اور پاکستانی قوم سے اپیل کی کہ وہ منفی پروپیگنڈ ہ کا حصہ نہ بنیں بلکہ اس واقعے کو محض حادثہ تصور کریں ، ہم پاکستانی قوم سے پیارکرتے ہیں اوراس حادثے پر افسردہ ہیں۔