اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار خواجہ سرا کمیونٹی کی تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت کے لیے قائم کیے جانے والے سکول کا لاہور میں 15اپریل سے آغاز ہوگا۔روزنامہ نیا اخبار کے مطابق دی جینڈر گارڈین نامی اس اسکول میں خواجہ سرائوں کو پرائمری سے انٹرمیڈیٹ تک کی 12سالہ تعلیم دی جائے گی۔ اس کے علاوہ خواجہ سرا برادری کے افراد سکول سے ٹیکنکل تعلیم یعنی فیشن ڈیزائننگ، بیوٹیشن، ہیئر اسٹائلنگ،
کڑھائی، موبائل و کمپیوٹر ریپئرنگ، گرافکس ڈیزائننگ، کمپیوٹر بیسک ایپلیکیشن اور دیگر کورسز کی تعلیم بھی حاصل کر سکیں گے۔ سکول کے بانی آصف شہزاد نے نجی ٹی وی سے گفتگو کے دوران بتایا کہ یہ سکول ایکسپلورنگ فیوچر ایجوکیشن نامی غیر سرکاری تنظیم (این جی او) کے اشتراک سے بنایا جائے گا۔ خواجہ سرائوں کے اس سکول کی پہلی برانچ ماڈل ٹائون لاہور میں، دوسری برانچ اسلام آباد میں اور تیسری برانچ کراچی میں بنائی جائیں گی۔