اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے پاکستان ایئرلائن (پی آئی اے)کے منیجنگ ڈائریکٹر سے ادارے کی 10 سالہ آڈٹ رپورٹ طلب کر لی۔ سپریم کورٹ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق چیف جسٹس نے ایم ڈی پی آئی اے سے آڈٹ رپورٹ طلب کرتے ہوئے انہیں 12 اپریل کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا کہا ہے۔ اعلامیے کے مطابق چیف جسٹس نے ایم ڈی پی آئی اے کو ہدایت کی ہے کہ وہ گزشتہ 10 برس کی
آڈٹ رپورٹ پیش کریں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ کی جانب سے پی آئی اے کی آڈٹ رپورٹ طلب کرنے کے بعداعلیٰ عہدوں پر فائز افسران میں کھلبلی مچ گئی ہے اور ایم ڈی پی آئی اے نے اس سلسلے میں اقدامات شروع کردیئے ہیں۔واضح رہے کہ پی آئی اے طویل عرصے سے شدید خسارے کا شکار ہے اور اس کی پریمئیر سروس سمیت دیگر اہم منصوبے ناکامی کا شکار ہوچکے ہیں جبکہ ادارے میں بڑے پیمانے پر کرپشن کی بھی اطلاعات ہیں۔