اسلام آباد،لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک،آن لائن)شریف فیملی کے گرد گھرا تنگ ،اب وزیر اعلیٰ پنجاب شہبازشریف کے داماد علی عمران کے اثاثوں کی تحقیقات بھی شروع کردیں،نیب ذرائع کے مطابق ایل ڈی اے سے علی عمران کے اثاثوں کی تفصیلات طلب کر لی گئی ہیں،گلبرگ کی معروف شاہراہ پر پلازے کے حوالے سے بھی تفصیلات مانگی گئی ہیں ۔نجی ٹی وی 92نیوز کے مطابق علی عمران کو بہت جلد طلب کئے جانے کا بھی امکان ہے ۔
دریں اثنا نیب لاہور نے پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی میں نئے انکشافات کے بعد اپنی تحقیقات کا دائرہ کار وسیع کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق اور صوبائی وزیر صحت برائے سپیشلائز ڈہیلتھ خواجہ سلمان رفیق کے بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات سٹیٹ بینک سے طلب کرلی ہیں نیب لاہور کی جانب سے سٹیٹ بینک کو ایک مراسلہ جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ وہ وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق اور صوبائی وزیرصحت خواجہ سلمان رفیق کے بینک اکاؤنٹس کی تمام تفصیلات نیب لاہور کو فراہم کریں مراسلے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق کے1985ء سے لیکر اب تک کے تمام بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات فراہم کی جائیں اور ان دونوں کے بینک اکاؤنٹس میں 5 لاکھ سے زائد کی ٹرانزکشن کی تفصیلات بھی فراہم کی جائیں سٹیٹ بینک کو بھیجے گئے مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ وہ یہ تمام تفصیلات فوری نیب لاہور کو بھجوائیں۔