لاہور(سی پی پی) پاکستان تحریک انصاف نے آئندہ عام انتخابات میں حصہ لینے کے خواہشمند امیدواروں کیلئے اپنی آفیشل ویب سائٹ پر آن لائن فارم اپ لوڈ کردیا ،فارم پر کرتے ہوئے دوہری شہریت ،قرض معاف کرانے سمیت دیگر معلومات بھی فراہم کرنا ہوں گی ۔فارم کے آغاز پر امیدواروں کیلئے ہدایات دی گئی ہیں جس میں کہا گیا ہے کہ قومی اسمبلی کی نشست کیلئے درخواست گزار ایک لاکھ روپے بذریعہ پے آرڈراورصوبائی اسمبلی کی
نشست کیلئے پچاس ہزارروپے بنام پاکستان تحریک انصاف مخصوص بینک کی برانچوں میں جمع کرائیں گے ۔فیس کی مد میں جمع شدہ رقم واپس نہیں کی جائے گی۔ہدایات میں کہا گیا ہے کہ جن معلومات کے آگے ” * ” کا نشان ہے ۔ ان کا بھرنا لازم ہے نا بھرنے کی صورت میں فارم جمع نہیں ہو پائے گا۔فارم بھرتے ہوے تکنیکی مسائل کی صورت میں صبح 9 سے شام 6 بجے کے درمیان 03066535874 یا 03097067701 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔فارم میں پیشہ یا کاروباری ریکارڈ،ماضی میں اگر کسی سیاسی جماعت کے ساتھ وابستگی تھی تو اس کے بارے میں بھی آگاہ کرنا ہوگا۔فارم میں انتخابی مقابلے میں حصہ لینے کے تجربے کے بارے بھی آگاہی دینا ہوگی۔فارم میں دہری شہریت،پاکستان کے اندر یا باہر کسی تنظیم کی ملازمت،امیدوار یا اس کے بیوی بچوں کی پاکستان سے باہر جائیداد ،اسٹیٹ بینک کے نادہندگی ،پاکستان یا پاکستان سے باہر کسی بینک سے قرض معاف کرانے ،فیڈرل بورڈ آف ریو نیو کے ساتھ فعال ٹیکس دہندہ،پاکستان کے اندر اور باہر اپنے تمام اثاثے اور واجبات ایف بی آر کے گوشواروں میں ظاہر کرنے ،پاکستان یا پاکستان سے باہر عدالتوں سے کسی مجرمانہ یا دیوالیہ پن کی سزا یا کوئی مقدمہ زیر التوا ہونے یا کبھی حکومت کی نوکری سے بدعنوانی کے الزام میں برطرف ہونے سے متعلق بھی سوالات شامل ہیں۔فارم میں درخواست دہندہ کے لئے اقرار نامہ بھی رکھا گیا ہے۔