فیصل آباد (آن لائن) آل پاکستان کاٹن پاو لومز ایسوسی ایشن کے پر زور مطالبہ اور تحفظات پر وفاقی حکومت نے چین کے ساتھ ہونے والا فری ٹریڈ ایگریمنٹ ختم کر دیا ہے۔ وفاقی وزراء کا کہنا ہے کہ ایسا معاہدہ کسی بھی ملک کے ساتھ نہیں کیا جائے گا جس سے ملکی انڈسٹری کو نقصان ہو اس فیصلہ کے بعد پاور لومز سمیت دیگر سیکٹرز میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔
آن لائن کے مطابق آل پاکستان کاٹن پاور لوزم ایسوسی ایشن کے وفد نے چیئر مین رانا اظہر وقارکی قیادت میں وزیر مملکت برائے ٹیکسٹائل حاجی محمد اکرم انصاری، وزیر مملکت برائے خزانہ رانا محمد افضل خاں اور وزیر مملکت برائے تجارت ہمایوں اختر خاں سے اسلام آباد میں ملاقات کرکے اپنے تحفظات سے آگاہ کیا۔ سابق چیئرمین چوہدری عبدالحق، چوہدری محمد نواز، اعجاز احمد ناگرہ اور دیگر رہنما بھی اس موقع پر موجود تھے۔ چیئرمین رانا اظہر وقار نے وفاقی وزرا کو بتایا کہ حکومت کی طرف سے چین کے ساتھ آئندہ ماہ ہونے والے فری ٹریڈ معاہدہ ملکی صنعت کے لیے نقصان دہ ہے مزید برآں فری ٹریڈ سے حکومت چین سے درآمد کی جانیوالی اشیاء پر اربوں روپے کی ڈیوٹی اور ٹیکس سے محروم ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہماری معیشت چائینہ کی معیشت کا مقابلہ نہیں کر سکتی۔ ایف ٹی اے معاہدے کے تحت چین کو 75 فیصد اشیاء پر ڈیوٹی فری رسائی دینے سے لوکل انڈسٹری ٹھپ ہو جائے گی اور یہاں بیروزگاری کا سیلاب آجائے گا۔ جس پر وفاقی وزرا نے ان کو یقین دہانی کروائی تھی کہ ایسا معاہدہ کسی صورت نہیں کیا جائے گا جس سے ملکی انڈسٹری کو نقصان ہو۔ وفاقی وزرا نے کہا کہ چین کو ڈیوٹی فری رسائی کی اجازت نہیں دی جائے گی اور سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بغیر کوئی فیصلہ نہیں کیا جائے گا۔ آل پاکستان کاٹن پاو لومز ایسوسی ایشن کے پر زور مطالبہ اور تحفظات پر وفاقی حکومت نے چین کے ساتھ ہونے والا فری ٹریڈ ایگریمنٹ ختم کر دیا ہے۔