ملتان(آئی این پی)سینئرسیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ الیکشن کو ملتوی کرنے والی قوتیں عوامی دباؤ پر پیچھے ہٹ گئیں ہیں، یہ عسکری یا جوڈیشل مارشل لاء کا موسم نہیں ہے، چیف جسٹس نے وزیراعظم سے ملاقات کو پیچیدہ بنادیا، باجوہ صاحب کا کام ڈاکٹرائن دینا نہیں، ڈاکٹرائن تو فلاسفروں کی ہوتی ہے۔ اداروں کو سیاسی جماعتیں نہ بنایا جائے ڈی جی آئی ایس پی آر خطابات سے گریز کریں۔ملتان میں بہاوالدین زکریا یونیورسٹی میں
زرعی نمائش میں شرکت کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جاوید ہاشمی نے کہا کہ نادیدہ قوتوں نے ملک کو 5 جزیروں میں تبدیل کردیا ہے۔نادیدہ قوتیں فوج کو دوسرے مسئلوں میں الجھانا چاہتی ہیں۔میں فوج سے کہتا ہوں کہ بیرکوں میں جائیں اور سرحدوں کی حفاظت کریں۔ انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس نے وزیر اعظم سے ملاقات کو پیچیدہ بنا دیا، چیف جسٹس خدارا اپنی گفتگو سے اپنے ادارے کے عزت کرائیں، لوڈشیڈنگ ختم کرنے کا دعوی جس نے کیا وہ جواب دے۔جاوید ہاشمی نے کہا کہ باجوہ صاحب کا کام ڈاکٹرائن دینا نہیں۔ ڈاکٹرائن تو فلاسفروں کی ہوتی ہے۔ فوج کی ڈاکٹرائن کہاں سے آگئی۔انہوں نے مزید کہا کہ اداروں کو سیاسی جماعتیں نہ بنایا جائے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر خطابات سے گریز کریں۔