اسلام آباد (آئی این پی) سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے سرحدی خلاف ورزیاں خطے کے استحکام کیلئے خطرہ ہیں، مہذب قوموں کیلئے مسائل کو سلجھانے کا واحد راستہ مذاکرات ہیں جبکہ ایلس ویلز نے کہا کہ افغانستان اور خطے کے امن کیلئے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتے ہیں۔ جمعرات کو سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ سے قائمقام امریکی نائب وزیر خارجہ نے ملاقات کی، ملاقات میں باہمی تعلقات، خطے خصوصاً افغانستان کی صورتحال پر بات چیت ہوئی۔
دونوں ممالک کے درمیان رابطے جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا اور تمام دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا، ملاقات میں افغان صدر کی امن پیشکش اور تاشقند کانفرنس میں متفقہ فیصلوں کو آگے بڑھانے پر اتفاق ہوا۔ تہمینہ جنجوعہ نے کہا کہ بھارت کی جانب سے سرحدی خلاف ورزیاں خطے کے استحکام کیلئے خطرہ ہیں، مہذب قوموں کیلئے مسائل کو سلجھانے کا واحد راستہ مذاکرات ہیں۔ ایلس ویلز نے کہا کہ افغانستان اور خطے کے امن کیلئے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتے ہیں۔