اسلام آباد(سی پی پی) پاکستان تحریک انصاف کے بانی رکن اکبر ایس بابرنے کہا ہے کہ عمران خان مغرب کی جمہوریت کی مثال دیتے ہیں، اگر فرانس کا صدر گرفتار ہو سکتا ہے تو عمران خان کیوں گرفتار نہیں ہوسکتے۔الیکشن کمیشن میں تحریک انصاف کی مبینہ غیر ملکی فنڈنگ کیس کی سماعت کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اکبر ایس بابر نے مزید کہا کہ ساڑھے تین سال ہو گئے اب بھی ہم انصاف کے طلبگار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاناما اورعمران خان کی تحریک کا احتساب سے کوئی تعلق نہیں، خان صاحب کا مقصد صرف سیاسی حریف کو گرانا تھا۔اکبر ایس بابر کا مزید کہنا ہے کہ کے پی میں احتساب کے ساتھ وہ کھیل کھیلا گیا جیسے بلی کودودھ کا رکھوالا بنا دیا جائے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ جو ادارہ احتساب کے لیے بنا وہ کرپشن کا گڑھ بنا، سپریم کورٹ نوٹس لے، لگتا ہے کہ عمران خان پر پاکستان کا قانون لاگو نہیں ہوتا۔مشرف کیخلاف کاروائی کی ، جس کی سزا ان کو مل رہی ہے۔