ایبٹ آباد /مانسہرہ (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اس ملک کے سب سے بڑے پتلے ہیں جو نواز شریف کی بدعنوانیوں کے باوجود انہیں اپنا رہنما کہتے ہیں۔جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ جو جماعتیں اور حکمران 20 سال میں ایک ادارہ ٹھیک نہیں کرسکے وہ اس ملک کے مسائل کا حل نہیں کرسکتے بلکہ پاکستان تحریک انصاف اس ملک کے مسائل کا حل ہے۔
انہوں نے کہاکہ 2013 میں سب سے زیادہ کرپشن خیبرپختونخوا میں تھی لیکن ہماری حکومت آنے کے بعد آج سب سے کم کرپشن اس صوبے میں ہے۔انہوں نے کہا کہ خیبر سے کراچی تک جو جماعت وفاق کو اکھٹا رکھ کر تمام صوبوں میں انتخابات لڑ سکتی ہے وہ تحریک انصاف ہے۔انہوں نے کہا کہ اپنی کرپشن کے لیے حکمرانوں نے ادارے تباہ کیے، نواز شریف نے ملک کے 300 ارب روپے چوری کرکے وطن سے باہر لے گئے لیکن وزیر اعظم کو کوئی فرق نہیں پڑا اس کا مطلب یہ ہے کہ وہ خود بھی بدعنوان ہیں۔چیئرمین پی ٹی آئی نے کہاکہ 4 سال میں ہمیں جو تجربہ ہوا ہے، اس کے تحت ہم اس ملک کو فلاحی ریاست بنانا چاہتے ہیں، ایک ایسی ریاست جہاں ہسپتالوں میں مفت علاج ہو، سرکاری اسکولوں میں بہترین تعلیم اور انصاف کا نظام ہو۔انہوں نے کہا کہ ہم نے نوجوانوں کو روزگار دینا ہے اور نئے پاکستان میں ہماری ذمہ داری ہوگی کہ نوجوانوں کو روزگار دیں اور کھیلوں کا نظام بہتر کریں۔اس سے قبل مانسہرہ میں کارکنوں سے خطاب میں انہوں نے کہاکہ آئندہ انتخابات میں سابق وزیر اعظم نواز شریف اور سابق صدر آصف زرداری کی مڈل اسٹمپ اڑائیں گے۔انہوں نے کہاکہ نواز شریف نے عوام کا پیسہ چوری کیا اور کرپشن کی، جس کی وجہ سے انہیں وزارت عظمیٰ کے منصب سے ہٹایا گیا جبکہ ملک سے پیسہ باہر بھیجنے والے شخص کو وزیر اعظم اپنا قائد کہتے ہیں۔عمران خان نے کہا کہ پاکستان کے عوام کو کرپٹ حکمرانوں سے چھٹکارا دلانے کا وقت آگیا ہے اور آئندہ عام انتخابات میں پی ٹی آئی کا دور ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ آنے والے انتخابات پاکستان کے مستقبل کا فیصلہ کریں گے اور عوام نے اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنا ہے اور تحریک انصاف وہ جماعت ہے جو اپنی روایت پر چلتی ہے۔عمران خان نے کہا کہ عوام سے مل کر مافیا کو شکست دیں گے، نوازشریف کہتے پھررہے ہیں مجھے کیوں نکالا، نوازشریف نے ملک کا پیسہ چوری کرکے باہر بھیجا اس لیے نکالا۔ انہوں نے کہاکہ وزیرخزانہ چوری کرکے باہر بھاگا ہوا ہے، ملک کا پیسہ چوری کرکے باہر بڑے بڑے محلات خریدے گئے
اور حکمرانوں کے بچے ارب پتی بن گئے تاہم آئندہ انتخابات میں فیصلہ ہو گا کہ کرپٹ نظام چلے گا یا نیا پاکستان بنے گا۔چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ شہباز شریف کہتے ہیں کہ ہر شہر کو لاہور بنا دوں گا، شہباز شریف جتنی رقم لاہور پر ہر سال خرچ کرتے ہیں، اتنا تو پورے خیبر پختونخوا کا سالانہ بجٹ ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں 5 سال میں غربت آدھی ختم ہوگئی، صوبے میں پولیس، اسپتالوں اور بلدیات کا نظام بہتر ہے جبکہ نیب کو چیلنج کرتا ہوں خیبر پختونخوا میں کسی کو پکڑ سکتی ہے تو پکڑے۔