اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) سینئر صحافی و تجزیہ نگار چوہدری غلام حسین کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ (ن) نے ہائی جوڈیشری کو تقسیم کرنے کا منصوبہ بنایا ہے، ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اب ن لیگ والوں نے منصوبہ بنایا ہے کہ کسی طرح سپریم کورٹ آف پاکستان کے ججز میں پھوٹ ڈالی جائے،جس طرح 1998ء میں سجاد علی شاہ کے خلاف کوئٹہ میں ایک بنچ بنا کر بغاوت کی گئی تھی اور بریف کیس بھی دیے گئے تھے۔ اب تین چار بندوں
کو اس کام پر لگایا گیا ہے کہ آپ جا کر جونیئر ججز کو سینئر ججوں کے خلاف صف آراء کر دیں تاکہ یہ تقسیم ہو جائیں تاکہ ہماری لوٹ مار پر پردہ پڑا رہے اور چیف جسٹس اور ان کے سینئر ججوں کا صاف شفاف الیکشن کرانے کا عزم ڈانواڈول ہو جائے۔ سینئر صحافی چوہدری غلام حسین نے کہاکہ یہ وہاں چھرا گھونپنا چاہتے ہیں لیکن انہیں یہ نہیں پتہ کہ پوری قوم چیف جسٹس اور ججوں کے پیچھے کھڑی ہے جج متحد ہیں۔ یہ ان کی خام خیالی ہے اور ان کی سازشیں ناکام ہوں گی۔