اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)ایم کیو ایم پاکستان کا سینٹ میں اپوزیشن لیڈر کے انتخاب میں تحریک انصاف کی حمایت کا اعلان ۔ نجی ٹی وی جیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق تحریک انصاف پاکستا ن کا وفد ایم کیو ایم پاکستان (بہادر آباد گروپ)کی قیادت سے ملاقات کیلئے آج بہادر آباد پہنچا جہاں تحریک انصاف کے وفد جن میں عمران اسماعیل ، اعظم سواتی سمیت دیگر رہنما موجود تھے نے سینٹ میں اپوزیشن لیڈر کے انتخاب میں حمایت طلب کی، دونوں جانب سے سیاسی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر کا بھی جائزہ لیا گیا۔
ملاقات کے بعد تحریک انصاف کے رہنما عمران اسماعیل کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس سےخطاب کرتے ہوئے ایم کیو ایم پاکستان (بہادر آباد گروپ)کے رہنما فیصل سبزواری نے سینٹ میں اپوزیشن لیڈر کے انتخاب میں تحریک انصاف کے امیدوار کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی نے کراچی کو ملبے کا ڈھیر بنا دیا ہے ، سندھ کے شہری علاقوں کی صورتحال انتہائی ابتر ہے۔ ایم کیو ایم پاکستان سینٹ میں اپوزیشن لیڈر کے انتخاب میں پیپلزپارٹی کی امیدوار شیری رحمان کو ووٹ نہیں دے گی ۔