اسلام آباد(آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ساجد نواز کا انوکھا احتجاج ، اضافی بجلی کے بلوں کا ہار پہن کر قومی اسمبلی کے اجلاس میں پہنچ گئے ۔ تفصیلات کے مطابق جمعرات کے روز قومی اسمبلی کے اجلاس میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ساجد نوازنے انوکھے انداز میں احتجاج کیا ۔ انہوں نے دو کروڑ کے اضافی بجلی کے بلوں کا ہار پہن کر اسمبلی پہنچ گئے جس پر وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہا کہ میں بھی
آپ کے احتجاج میں بجلی چوری والے کنڈے پہن کر آجاؤں گا تو پھر آپ کو برا لگے گا ۔علاوہ ازیں وزیر مملکت عابد شیر علی نے کہا کہ جب ہمیں حکومت ملی تو0 1350 میگاواٹ بجلی تھی اور اب0 1900میگاواٹ بجلی ہے اور آئندہ 23 سے 24 ہزار میگاواٹ تک لے کر جائیں گے پیدا ہونے والی بجلی نیشنل گڈ میں جاتی ہے اور کوٹے کے مطابق تقسیم کی جاتی ہے پیسکو کے 400 لیڈر ایسے ہیں جہاں پر زیرو لوڈشیڈنگ ہے انہوں نے کہاکہ جہاں پر بجلی چوری ہو گی اور ریونیو کم آئے گا وہاں پر لوڈشیڈنگ ہو گی بجلی کے بل پر میٹر کی تصویر لی جاتی ہے اور موبائل پر مسیج بھی کیا جاتا ہے اب ریونیو بیسڈ لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے ۔ سید نوید قمر کے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بجلی صوبوں کی نہیں بلکہ پورے ملک کی ہوتی ہے۔ جہاں پر لائن لائسز نہیں ہوتے وہاں پر لوڈشیڈنگ نہیں کی جاتی ہم نے نئے گرڈ اسٹیشن بنائے ۔ نئی ٹرانسمیشن لائنیں ڈالیں جتنا کام ہمارے دور میں ہوا گزشتہ دس سالوں میں نہیں ہوا ۔جہاں پر چوری نہیں اور ریونیو پورا مل رہا ہے وہاں پر لوڈشیڈنگ نہیں کر سکتے ۔ خیبرپختونخوا کے 400 فیڈر ایسے ہیں جہاں پر زیرو لوڈشیڈنگ ہے۔