اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان کے وزیر خارجہ خواجہ آصف نے ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں سینئر صحافی و تجزیہ کار جاوید چودھری سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جہانگیر صدیقی کو امریکہ کا سفیر بنانا عدلیہ اور فوج کا نہیں حکومت کا استحقاق ہے، انہوں نے کہا کہ اس سے قبل بھی ماضی میں اس قسم کی تقرریاں ہوئی ہیں، انہوں نے کہا کہ وہاں پر تاجر، سول سرونٹس اور میڈیا کے حضرات کا بھی تقرر ہو چکا ہے، وہاں پر فوجی جنرل اور ائیر مارشل کا بھی تقرر ہوا ہے تو ایک کواپریٹ سیکٹر کے نمائندے کا تقرر کیوں
نہیں ہو سکتا۔ جب سینئر صحافی جاوید چودھری نے سوال کیا کہ اس کا مطلب ہے کہ آپ اس معاملے پر پیچھے نہیں ہٹنے والے تو اس کے جواب میں وزیر خارجہ نے کہا کہ میں نے پیچھے کیوں ہٹنا ہے میں نے تو اس پر دستخط کیے ہوئے ہیں۔ خواجہ آصف نے کہا کہ نواز شریف اور مریم نواز کو جیل جانا پڑا تو ان کی غیر موجودگی میں الیکشن لڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی مقبولیت کے خوف نے عمران خان اور آصف علی زرداری کو ملنے پر مجبور کیا۔ سیاہی اور جوتا پھینکنے کے واقعات الیکشن مہم سے روکنے کی سازش ہے۔