شیخوپورہ /لاہور( این این آئی)شیخوپورہ لاہور روڑ پر ڈمپر الٹ کر کار پر گرگیا جس کے نتیجے میں کار سوار چار افراد جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہو گیا ، ڈمپر گرنے سے کار پچک گئی اور باڈی کاٹ کر لاشوں کو باہر نکالا گیا ،جاں بحق چاروں افراد کا تعلق مانانوالہ سے تھا، واقعہ کے بعد ڈمپر ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔بتایا گیا ہے کہ گزشتہ روزشیخوپورہ لاہور روڈ پر سلیم کوٹ کے قریب سرگودھا سے لاہور جاتے ہوئے
پتھروں سے لدا ڈمپر کارپر الٹ گیاجس کی وجہ سے گاڑی پچک گئی ۔ اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں جنہوںنے ڈمپر کو ہٹا نے کے بعد کار کی باڈی کاٹ کر لاشوں کو باہر نکالا۔کار کے اندر موجود 4افراد جن میں میونسپل کمیٹی مانانوالہ کے ممبر عبدالوحد خاں ،طاہر حیات خاں، سابق سٹی ناظم مانانوالہ رانا ابرار حسین کا چھوٹا بھائی رانا اسرار حسین ،وائس چیئرمین میونسپل کمیٹی مانانوالہ ملک سلیم زرگر کا بھتیجاملک عمر موقع پر دم توڑ گئے جبکہ منیجر الفلاح بینک شاہ کوٹ فیصل عمران کو تشویشناک حالت میں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔واقعہ کے بعد ڈمپر کا ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا۔ پولیس نے ڈمپر کو تحویل میں لے کر فرار ہونے والے ڈرائیور کی تلاش شروع کر دی ہے۔وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج و غم کااظہار کرتے ہوئے انتظامیہ سے حادثے بارے رپورٹ طلب کر لی ہے ۔ وزیر اعلیٰ نے زخمی شخص کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔