اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)سینئر صحافی و تجزیہ کار چوہدری غلام حسین نے نجی ٹی وی پروگرام میں انکشاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ احد چیمہ کو چھڑوانے کیلئے ن لیگ کی جانب سے نیب کے دفتر پر حملہ کیا جانا ہے، نیب نے جب رینجرز کی سکیورٹی طلب کی تو وزیر داخلہ احسن اقبال نے رینجرز کی نیب کو سکیورٹی فراہم کرنےکی منظوری دینے سے انکار کر دیا، چوہدری غلام حسین کا کہنا تھا
کہ خبر سامنے آنے پر وفاقی وزیر داخلہ کے انکار کے بعد کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض نے رینجرز کو حکم دیا ہے کہ وہ نیب کے ہیڈکوارٹر کی سکیورٹی سنبھال لیں جس پر 60کے قریب رینجرز اہلکاروں نے نیب کے آفس کی سکیورٹی سنبھال لی ہے۔ چوہدری غلام حسین کا کہنا تھا کہ احد چیمہ کیا گرفتار ہوئے ہیں کہ ان کے کیلئے زمین آسمان ایک کر دیا گیا ہے کہ کسی طرح احد چیمہ کو زندہ یا مردہ نیب کے چنگل سے چھڑایا جائے۔ احد چیمہ ایک ایسا طوطا ہے جس میں پوری ن لیگ کی جان ہے ۔چوہدری غلام حسین کا کہنا تھا کہ احد چیمہ کی گرفتاری کے بعد ن لیگ جلسہ اوردھرنے کیلئے یونین کونسل سطح پر بندے اکٹھے کر رہی تھی۔ ن لیگ نے ایم این اے افضل کی ذمہ داری لگائی کہ آپ نے نیب کے ہیڈکوارٹر پر حملہ کرنا ہے، جب یہ تشویشناک خبریں پھیلیں تو نیب نےوزارت داخلہ سے درخواست کی کہ ہمیں رینجرز، ایف سی یا فوج کے دستے دئیے جائیں۔ سیکرٹری داخلہ نے سمری منظور کر دی اور آخری منظوری کیلئے وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کو سمری بھیجی۔ احسن اقبال جو قانون و انصاف کے علمبردار بنتے ہیں انہوں نے نیب کے دفاتر کی سکیورٹی کیلئے رینجرز کو طلب کرنے کی سمری پر ایک بڑا سا Noلکھ دیا۔ چوہدری غلام حسین کا کہنا تھا کہ احسن اقبال نے نیب کو رینجرز کی سکیورٹی دینے سے انکار کر دیا ۔ چوہدری غلام حسین نے
انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ جب وزیر داخلہ احسن اقبال کی جانب سے نیب کو رینجرز کی سکیورٹی فراہم کرنے سے انکار کیا گیا تو نیب نے اپروچ کیا اور باوثوق ذرائع کی اطلاعات کے مطابق رینجرز اس وقت نیب کے دفاتر کی سکیورٹی سنبھال چکی ہے اور 60کے قریب رینجرز اہلکاروں نے نیب دفاتر میں پوزیشنیں سنبھال لی ہیں۔ چوہدری غلام حسین نے مزید انکشاف کرتے ہوئے کہا
کہ رینجرز کی نیب دفاتر میں تعیناتی کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض کے حکم پر ہوئی ہے۔