اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) گزشتہ دنوں فیصل آباد میں ایک معروف برانڈ کے ٹرائی روم سے کیمرہ برآمد ہوا، جس پر ان کے ایک گاہک نے نوٹس لیتے ہوئے پولیس کو اطلاع کر دی مگر اب کراچی میں ایک معروف برانڈ گل احمد آئیڈیاز کے ٹرائی روم سے ایک جیتا جاگتا شخص نکل آیا، کراچی کی رہائشی خاتون ساشا نے فیس بک پر اپنی پوسٹ میں بتایا کہ وہ 20 فروری کو آٹھ بجے وہ اوشین مال، کلفٹن کراچی میں گل احمد آئیڈیاز کی دکان پر گئی،
خاتون ساشا نے بتایا کہ میں جیسے ہی ایک شرٹ ٹرائی کرنے تہہ خانے میں موجود ٹرائی روم میں گئی تو وہاں کوئی الماری کے اندر چھپا ہوا تھا، میں نے جب شیشے میں سے الماری کو دیکھا تو میری حیرت کی انتہا نہ رہی۔ ساشا نے اپنے پیغام میں کہا کہ اس کے بعد میں نے فوری طور پر اس فلور پر موجود سٹاف کو طلب کیا جو اس بات کے گواہ ہیں۔ سٹاف نے الماری میں چھپے ہوئے اس شخص کو نکالا اور اپنے ساتھ اوپر لے گئے۔ اس خاتون نے اپنے پیغام میں خواتین کو گل احمد کی اس دکان پر جانے سے خبردار کیا اور گل احمد والوں سے فوری ایکشن کا مطالبہ بھی کیا۔ اس خاتون کی پوسٹ کے جواب میں گل احمد آئیڈیاز نے اپنے فیس بک پیج پر اس کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ہم گل احمد آئیڈیاز کی جانب سے مس ساشا سے تہہ دل سے معذرت کرتے ہیں اور ہمیں اس کا شدید افسوس ہے کہ آپ کو اس طرح سے اذیت اٹھانا پڑی، اس واقعہ سے ہمیں بھی جھٹکا لگا ہے، ہم اپنے گاہکوں کی سکیورٹی کے لیے بہتر اقدامات کرنے پر غور کر رہے ہیں، ہم اپنے گاہکوں خصوصاً خواتین کی سکیورٹی کو سنجیدگی سے دیکھتے ہیں، گل احمد کی جانب سے اپنے پیغام میں مزید کہا گیا کہ اس افسوس ناک واقعہ پر ایک بار پھر دل سے معذرت چاہتے ہیں۔ فیس بک پر وائرل ہونے والے اس پیغام سے خواتین کو دھچکا پہنچا ہے اور ان کا کہنا ہے کہ ایسے واقعات سے معروف برانڈز کی ساکھ خراب ہوتی ہے اور خواتین کو بھی ایسے واقعات پر پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔