راولپنڈی (این این آئی) بھارتی فوج نے ایک بار پھر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے لائن آف کنٹرول پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک شہری شہید اور 3 زخمی ہوگئے ٗبھارتی فوج کی اشتعال انگیزی پر پاک فوج نے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا اور چوکیوں کو نشانہ بنایا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول پر نکیال سیکٹر کے گاؤں تھروٹی نار پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک معصوم شہری
محمد فاروق شہید ہوگیا ٗآئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج کی فائرنگ سے 3 شہری زخمی بھی ہوئے جنہیں طبی امداد کیلئے تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال نکیال منتقل کردیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج کی اشتعال انگیزی پر پاک فوج نے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا اور چوکیوں کو نشانہ بنایا۔خیال رہے کہ گزشتہ روز بھی بھارت کی جانب سے پاکستانی شہری آبادی کو نشانہ بنایا گیا تھا، جس میں ایک نوجوان سمیت دو افراد شہید اور 4 زخمی ہوئے تھے۔واقعہ کے بعد دفتر خارجہ نے بھارتی ہائی کمشنر کو طلب کیا تھا اور جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی پر سخت احتجاج کیا تھا۔یاد رہے کہ رواں برس اب تک بھارت کی جانب سے ایل او سی اور ورکنگ باؤنڈری پر 335 مرتبہ جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی گئی ہے، جس کے نتیجے میں 15 بے گناہ شہری شہید اور 65 افراد زخمی ہوچکے ہیں اس کے علاوہ بھارت نے سب سے زیادہ جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی گزشتہ برس کی اور ایک سال کے دوران 1970 مرتبہ ایل او سی اور ورکنگ باؤنڈری پر بلا اشتعال فائرنگ کی گئی۔