اسلام آباد(سی پی پی) بنی گالہ تجاوزات کیس کی سپریم کورٹ میں سماعت کے دوران عمران خان کے گھرکی تعمیرکاسائٹ پلان منظورنہ ہونے کاانکشاف ہوا ہے،سائٹ پلان منظورنہ ہونے کاانکشاف ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کیا۔تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں بنچ نے بنی گالہ تجاوزات کیس کی سماعت کی۔دوران سماعت ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے انکشاف کیا کہ بنی گالہ کی متعلقہ یونین کونسل کاریکارڈ چیک کیاہے،عمران خان نے 1999 سے سائٹ پلان کی
منظوری نہیں لی۔عمران خان کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ عمران خان نے گھرکی تعمیرکیلئے سائٹ پلان منظوری کی درخواست دی،عمران خان نے درخواست یوسی 12 کودی۔سپریم کورٹ نے عمران خان کی درخواست کی تصدیق کاحکم دے دیا ، چیف جسٹس آف پاکستان نے کہا ہے کہ سی ڈی اے ایک ہفتے میں تصدیق کر کے رپورٹ دے،عدالت نے ایڈیشنل اٹارنی کوایک ہفتے میں دستاویز کی تصدیق کاحکم دیتے ہوئے سماعت غیرمعینہ مدت تک ملتوی کردی۔