اسلام آباد (آئی این پی) عاصمہ قتل کیس میں سپریم کورٹ نے سیکرٹری داخلہ‘ ترجمان پی ٹی آئی فواد چوہدری اور پی ٹی آئی کے ضلعی صدر آفتاب عالم کو عدالت طلب کرلیا‘ چیف جسٹس ثاقب نثار نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ چاہے رات کے آٹھ بج جائیں مگر آج ہی پیش ہوں‘ فواد چوہدری کے پی کے پولیس کا بہت دفاع کرتے ہیں‘ اپنی چیز بہت اچھی اور دوسروں کی بری لگتی ہے ‘ ملزم کے ریڈ وارنٹ جاری کرنے پڑے تو کریں گے۔ منگل کو
سپریم کورٹ میں عاصمہ قتل کیس کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے سیکرٹری داخلہ اور ترجمان پی ٹی آئی فواد چوہدری کو طلب کرلیا۔ سپریم کورٹ کے چیف جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہچ اہے آٹھ بجے جائیں مگر آج ہی پیش ہوں عدالت نے پی ٹی آئی کے ضلعی صدر آفتاب عالم کو بھی طلب کرلیا۔ چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ ضلعی صدر کو کیس میں شامل تفتیش کیوں نہیں کیا گیا؟ فواد چوہدری خیبرپختونخوا پولیس کا بہت دفاع کرتے ہیں اپنی چیز بہت اچھی اور دوسروں کی بری لگتی ہے کیا شاہ زیب اور مجاہد کا موبائل ڈیٹا حاصل کیا گیا؟ ملزم مجاہد کو دوبئی سے کتنے عرصے میں واپس لایا جاسکتا ہے ملزم کے ریڈ وارنٹ جاری کرنے پڑیں گے۔ انہوں نے استفسار کیا کہ کیا ریڈ وارنٹ ہم جاری کرسکتے ہیں؟ ڈی جی ایف آئی اے نے عدالت کو بتایا کہ کیس کا ملزم دوبئی میں ہے یا سعودی عرب میں معلوم نہیں لگتا ہے ملزم نے مکمل منصوبہ بندی کے ساتھ قتل کیا۔ چیف جسٹس نے کہا کہ دوبئی میں ملزم کے پاس اقامہ ہے کیا متاچرہ خاندان کا کوئی فرد عدالت میں موجود ہے؟ پولیس نے کہا کہ پیش کرنے کا کہیں تو کرسکتے ہیں چیف جسٹس نے کہا کہ پیش نہ کریں ہم انہیں عزت سے بلائیں گے۔