لاہور(نیوزڈیسک) وزیراعلی پنجاب شہبازشریف کا کہنا ہے کہ جنوبی ایشیا کے قومی اور انسانی وسائل سے بھرپور استفادہ کرنے کیلئے مسئلہ کشمیر کا حل ضروری ہے، کشمیریوں کے حق خود ارادیت سے انکار دراصل اخلاقی، سفارتی اور سیاسی رویوں میں خامیوں کی نشاندہی کرتا ہے۔ پیر کو یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعلی شہبازشریف نے کہا ہے کہ آج کا دن کشمیریوں کو ان کے حق خود ارادیت کے حصول کیلئے غیر متزلزل عزم کو خراج تحسین پیش کرنے کا حقیقی موقع فراہم کرتاہے۔
پوری قوم کشمیریوں کی حق خودارادیت کے حصول کیلئے دی گئی لازوال قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ کشمیریوں کے حق خود ارادیت سے انکار دراصل اخلاقی، سفارتی اور سیاسی رویوں میں خامیوں کی نشاندہی کرتا ہے۔وزیراعلی پنجاب نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جنوبی ایشیا کے قومی اور انسانی وسائل سے بھرپور استفادہ کرنے کیلئے مسئلہ کشمیر کا حل ضروری ہے، کشمیر ڈے کے موقع پر پوری پاکستانی قوم مقبوضہ کشمیر کے عوام کیساتھ اپنی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت کے عزم کا اعادہ کرتی ہے۔قبل ازیں خادم اعلیٰ شہباز شریف نے کہا ہے کہ اگر سپریم کورٹ کسی قانون کے تحت اجازت دے توقصور واقعے میں ملوث مجرم کو لاہور یا قصور میں کسی چوک پر سرِ عام پھانسی پر لٹکایا جائے گا۔قصور میں میڈیا نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے خادم اعلیٰ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ریپ کی شکار بچیوں کے والدین سے نظریں نہیں ملاسکتا تھا، ریپ کی شکار بچیوں کے والدین سے معافی بھی مانگی۔ان کاکہنا تھا کہ ’میں نے متاثرہ خاندانوں کو بتایا کہ میں اس واقعے کے بعد کتنی تکلیف میں ہوں، آپ کی بچیوں کو تو واپس نہیں لاسکتا، لیکن انہیں انصاف ملے گا‘۔ان نے کہا کہ متاثرین سے گزارش کی کہ جس کسی ذمہ دار نے کو تاہی کی کمیٹی میں جا کر بتائیں کہ کس نے اپنا کام ٹھیک کیا اور کس نے اس میں کوتاہی برتی۔