اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) ایس ایس پی ملیر رائو انوار کی اسلام آباد ائیرپورٹ سے دبئی فرار ہونے کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق قبائلی نوجوان نقیب اللہ محسود قتل کیس میں ملوث ایس ایس پی راؤ انوارکی اسلام آباد کے بینظیر بھٹو انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے دبئی فرار ہونے کی کوشش ناکام بنا دی گئی ہے۔ رات کے 2بجے اسپیشل برانچ کی نشاندہی پر رائو انوار کو ائیرپورٹ پر روکا گیا جو کہ نجی ہوائی کمپنی کی پرواز 615سے دبئی جانا چاہتے تھے۔
ائیرپورٹ حکام کے مطابق رائو انوار کو گرفتار نہیں کیا گیا صرف بیرون ملک جانے سے روکا ہے جس کے بعد وہ واپس اسلام آباد چلے گئے ہیں۔ وفاقی تحقیقاتی ادارے کے مطابق رائو انوار کی سفری دستاویز پر سندھ حکومت کی طرف سے بیرون ملک جانے کیلئے این او سی 20جنوری کی تاریخ کو جاری کیا گیا تھا۔ واضح رہے کہ رائو انوار گزشتہ روز تک روپوش ہو گئے تھے اور ان کا موبائل فون نمبر بھی بند کر دیا گیا تھا جس کے بعد وہ کسی سے رابطہ میں نہیں تھے۔