اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)نیب نے شریف خاندان کے خلاف لندن فلیٹس ریفرنس میں ضمنی ریفرنس دائر کر دیا، نئے ریفرنس میں 7نئے گواہان شامل، دو گواہوں کا تعلق برطانیہ سے جن کے بیانات قلمبند کر لئے گئے، ان میں ایک نام رابرٹ ریڈلے کا بھی ہے جو کہ فرانزک ماہر ہیں ، پانامہ جے آئی ٹی کے سربراہ واجد ضیا کا قریبی رشتہ دار بھی گواہوں میں شامل ، دو گواہ وزارت اطلاعات سے ،
ایک گواہ کا تعلق نجی ٹی وی سے جبکہ دو گواہ نیب سے تعلق رکھتے ہیں، نواز شریف اور ان کی صاحبزادی اور صاحبزادوں کے ٹی وی انٹرویوز کو بھی ریفرنس میں شواہد کا حصہ بنایا گیا ہے۔ نجی ٹی وی ایکسپریس نیوزکی رپورٹ کے مطابق نیب نے شریف خاندان کے خلاف لندن فلیٹس ریفرنس میں ضمنی ریفرنس دائر کر دیا ہے ۔ نئے ریفرنس میں نیب نے 7گواہان شامل کئے ہیں جن میں دو کا تعلق برطانیہ سے ہے جن کے بیانات قلمبند کر لئے گئے ہیں ان میں ایک نام رابرٹ ریڈلے کا بھی ہے جو کہ فرانزک ماہر ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ ان گواہوں میں پانامہ جے آئی ٹی کے سربراہ واجد ضیا کا قریبی رشتہ دار بھی شامل ہے۔ نیب کے نئے ریفرنس میں دو گواہوں کا تعلق وزارت اطلاعات، ایک گواہ کا تعلق نجی ٹی وی سے ہے جبکہ دو گواہ نیب سے تعلق رکھتے ہیں۔ نیب نے نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز اور صاحبزادوں حسن اور حسین نواز کے ٹی وی انٹرویو کو بھی ریفرنس میں شواہد کا حصہ بنایا ہے۔ واضح رہے کہ پانامہ کیس میں سپریم کورٹ کے حکم پر نیب نے نوازشریف اور ان کے بچوں کے خلاف لندن فلیٹس، آف شورکمپنیوں، عزیزیہ اسٹیل اور ہل میٹل کمپنی سے متعلق 3 مقدمات درج کیے۔ ان مقدمات میں نیب آرڈیننس کی سیکشن 9 اے لگائی گئی ہے جو غیرقانونی رقوم اور تحائف کی ترسیل سے متعلق ہے۔