پشاور(این این آئی)وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما پرویز خٹک کی دفاع پاکستان کونسل کی کانفرنس میں شرکت نے سیاسی حلقوں میں ایک نیا تنازعہ کھڑا کردیا۔نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق پرویز خٹک نے گزشتہ روز جماعت الدعوۃسمیت 40 سیاسی و مذہبی جماعتوں کے اتحاد دفاع پاکستان کونسل کی
تحفظ بیت المقدس ریلی میں شرکت کی تھی ۔وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کی کانفرنس میں شرکت پر عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی ) کے سیکریٹری اطلاعات زاہد خان نے کہاکہ پرویز خٹک کی شرکت سے ظاہر ہوتا ہے کہ پی ٹی آئی نے رسمی طور پر دفاع پاکستان کونسل میں شمولیت اختیار کرلی ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کی جانب سے دفاع پاکستان کونسل پر شدید تنقید کی گئی تھی تاہم ان کے وزیراعلیٰ شدت پسند گروپوں کے رہنماؤں کے ساتھ اسٹیج پر بیٹھے رہے۔اس حوالے سے جب خیبرپختونخوا کے وزیر تعلیم محمد آصف خان سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے اس پر تبصرہ نہیں کیاتاہم انہوں نے واضح کیا کہ پی ٹی آئی دفاع پاکستان کونسل کی رکن نہیں ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق اس بارے میں صوبائی حکومت کے ترجمان شاہ فرمان اس معاملے پر اپنی رائے دینے کے لیے دستیاب نہیں تھے۔