کوٹ مومن /سرگودھا (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر ٗ سابق وزیر اعظم محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ عوام نے سپریم کورٹ کا فیصلہ مسترد کر دیا ہے ٗاب عوام کا فیصلہ پاکستان میں جھومے گا اور لاڈلوں کو منہ چھپانے کیلئے کوئی جگہ نہیں ملے گی ٗ پچھلے پانچ ماہ سے عوام اور میں بھی یہی پوچھ رہا ہے کہ کہاں کرپشن کی ہے؟ اس پانچ ججوں والے بینچ کو اس سوال کا جواب دینا پڑیگا ٗملک میں ترقی کی رفتار میں سستی کے
ذمہ دار شاہد خاقان عباسی نہیں فیصلے سے پوچھیں ٗ لاڈلہ کہتا ہے نیازی سروسز میری کمپنی ہے ٗ بینچ کہتا ہے نہیں نیازی نہیں کمپنی تیری نہیں ٗدوسروں پر تہمتیں لگانے والے تم سب سے کرپٹ آدمی ہو اور تم نے ہسپتال کا پیسہ جوئے میں لگایا ٗ یہ لوگ ہر معاملے میں کرپٹ ہیں ٗ قصے کہانیاں عوام جانتے ہیں ٗ آج کی اخبار پڑھ کر دیکھ لیں ٗقوم کو عدالت کے انصاف کے دو پیمانے منظور نہیں ٗعوام انتخابات میں کامیاب کرائیں تو گلی گلی انصاف لے کر آؤں گا۔ ہفتہ کو جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ (ن)کے سربراہ سابق وزیر اعظم محمد نوازشریف نے جلسے میں عوام شرکت اور جذبے کو دیکھ کر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ یہ عوام کی عدالت کا فیصلہ ہے ٗیہ اس بات کا اعلان ہے کہ وہ فیصلہ پاکستان کے عوام کو منظور نہیں ۔ سابق وزیر اعظم نے کہاکہ یہ نوازشریف کو اہل کر کے بھیجیں اور تم نا اہل کر دیں ؟نوازشریف نے کہاکہ میڈیا والے دیکھ لیں ٗ پوری خلق خدا کیا فیصلہ دے رہی ہے ٗ یہ تمہارے فیصلوں کے خلاف ریفرنڈم ہے ٗآکر دیکھ لیں ٗ تمہارے فیصلے کو عوام نے رد کر دیا ہے ٗ عوام نے تمہارے فیصلے کو مسترد کر دیا ہے ۔نواز شریف نے جلسے کے شرکاء کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ پورے جذبے اور آواز کے ساتھ بتائیں اور اعلان کر دیں کہ آپ نے فیصلہ رد کر دیا ہے ۔ سابق وزیر اعظم نے کہاکہ یہ کہاں کا مذاق ہے ٗآپ نے خیالی تنخواہ نہ لینے پر وزیر اعظم کو نااہل قرار دیا ۔انہوں نے شرکاء کومخاطب
کرتے ہوئے کہاکہ کیا یہ کوئی صحیح فیصلہ ہے ؟ جس پر شرکاء نے نہیں میں جواب دیا ۔ نوازشریف نے کہاکہ تو پھر آج اللہ کے فضل وکرم عوام کا فیصلہ پاکستان میں جھومے گا اور لاڈلوں کو منہ چھپانے کیلئے کوئی جگہ نہیں ملے گی ۔نوازشریف نے کہاکہ الیکشن آنے والے ہیں ٗ کوٹ مومن کااعلان پوری قوم کا اعلان بن جائیگا اس سے پہلے ایبٹ آباد والے بھی اعلان کر چکے ہیں ٗ کوئٹہ کے عوام بھی اعلان کر چکے ہیں ٗ جی ٹی روڈ پر پاکستان کے عوام اعلان کر چکے ہیں ٗآج کوٹ مومن نے تاریخی اعلان کر دیا ہے۔
نوازشریف نے کہاکہ یہ لوگ کل انشاء اللہ پاکستان کی سڑکوں پر ہونگے ٗ اس ملک میں تبدیلی آئیگی ٗ لوگوں کو انصاف ملے گا ٗ اس ملک میں انصاف قائم ہوگا ٗ اس ملک کے اندر عدل قائم ہوگا اور اس ملک کے اندر غریب سکھ کاسانس لے گا ٗ غریبوں کو روز گار ملے گا ۔ نوازشریف نے شرکاء کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ 2013کا نقشہ یاد ہے یا نہیں ہے ؟ کیا بجلی آتی تھی ٗ بیس ٗ بیس گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ تھی یا نہیں ؟ جس پر شرکاء نے نوازشریف کے حق میں جواب دیا ۔ سابق وزیر اعظم نے کہاکہ آج پورے ملک میں لوڈشیڈنگ ختم ہورہی ہے ٗ
چار سالوں میں ملک کا نقشہ بدل دیا ہے ٗوہ کام کئے ہیں جو بیس بیس سال تک کسی نہیں کئے ہم نے لوڈشیڈنگ کا ستیاناس کر دیا ہے ۔ نوازشریف نے کہا کہ آج ملک میں ترقی کی رفتار آہستہ ہوئی ہے تو اس میں شاہد خاقان عباسی کو دوش نہیں دیتا ٗوہ بہت محنت کررہا ہے اور بڑی جوانمردی کیساتھ سارا کام کررہا ہے ٗ شاہد خاقان عباسی آپ کا کوئی قصور نہیں ہے ٗ اس فیصلے سے پوچھو جس کی وجہ سے ملک میں انتشار پھیل رہا ہے ۔انہوں نے کہاکہ ملک میں کیوں انتشار پھیل رہا ہے یہ اس فیصلے سے پوچھو شاہد خاقان عباسی سے نہ پوچھو ٗ
فیصلے نے پاکستان کو تماشا بنا کر رکھ دیا ہے ۔نوازشریف نے کہا کہ پاکستان کے اندر ڈالر بڑھ رہا ہے ٗروپیہ گر رہا ہے ٗ زرمبادلہ میں کمی آرہی ہے یہ کیوں ہورہا ہے اس فیصلے سے پوچھو ٗ سٹاک ایکسچینج نیچے گر رہی ہے ٗ تو فیصلے سے پوچھیں ٗ پاکستان میں مہنگائی نے سر اٹھایا ہے تو فیصلے سے پوچھیں ۔ نوازشریف نے جلسے کے شرکاء کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کیا نوازشریف کے دور میں مہنگائی تھی ؟ آج مہنگائی نے سر اٹھایا ہے تو اس فیصلے سے پوچھیں ٗ آج بے روز گاری نے سر اٹھایا ہے تو فیصلے سے پوچھ لیں ۔
نوازشریف نے کہا کہ فیصلے سے پاکستان کی رسوائی ہورہی ہے ٗ ملک میں سازشیوں نے پھر سر اٹھایا ہے ٗ لاڈلے کے علاوہ اور کون سازشی ہے ؟ سازشی کینیڈا سے آکر بیٹھ گئے ہیں ۔نوازشریف نے کہاکہ لاڈلہ مان رہا ہے ٗمیری لاکھوں پاؤنڈ کی کمپنی ہے ٗکروڑوں کا بزنس کیا ہے ٗ لاڈلہ کہتا ہے میری آف شور کمپنی موجود تھی ٗ نیازی سروسز میری تھی مگر عدالتی بینچ کہتا ہے نہیں نیازی نہیں ٗ نہیں عمران نہیںیہ تیری نہیں ہے ۔نوازشریف نے کہاکہ عمران خان کہتا ہے کہ نیازی سروسز لمیٹڈ میری ہے عدالتی بینچ کہتا ہے نہیں تیری نہیں ہے ۔
نوازشریف نے جلسے کے شرکاء کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ آپ کس بات کی مانوں ٗ کس کی بات نہ مانوں ٗ کیا سپریم کورٹ کے بینچ کی بات مانوں ٗ کیا عمران خان کی بات مانوں ۔ جلسے کے شرکا نے ’نونو‘ کا نعرہ لگایا تو سابق وزیراعظم نے سپریم کورٹ کے فیصلے کو ’بگ نو’ کہا۔ اس پر سابق وزیراعظم نے کہا کہ دیکھ لو یہ فیصلہ۔نوازشریف نے کہاکہ نوازشریف کے خلاف کچھ نہیں ملا ٗ کوئی کرپشن کا ثبوت تو دور کی بات ہے الزام بھی نہیں ملا ۔نوازشریف نے عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ تم دوسروں پر تہمت لگاتے ہو ٗ
تم سب سے بڑے کرپٹ آدمی ہوں ٗ ہسپتال کا پیسہ تم نے جوئے میں لگایا ۔نوازشریف نے کہا کہ آج تو برطانیہ کی برٹش ورجن آئی لینڈ نے بھی کہہ دیا ٗ اس وقت تک ہم سے کوئی سوال نہ پوچھو جب تک یہ نہ بتاؤ نواز شریف نے کرپشن کہاں کی ہے؟سابق وزیر اعظم نے جلسے کے شرکاء کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ نوازشریف نے کرپشن کہاں کی ہیں ؟ کوٹ مومن کے عوام یہی پوچھ رہے ہیں ؟نوازشریف نے کرپشن کہاں کی ہے ؟اس سوال کا جواب بینچ کو دینا پڑیگا ؟ پانچ ججوں کو جواب دینا پڑیگا ٗ ایسے ہم نہیں جائیں گے ٗ ہم کرپٹ نہیں ہیں ۔
نوازشریف نے کہاکہ پچھلے پانچ ماہ سے عوام اور میں بھی یہی پوچھ رہا ہے کہ کہاں کرپشن کی ہے؟ اس پانچ ججوں والے بینچ کو اس سوال کا جواب دینا پڑے گا، عوام کا جم غفیر بھی یہی کہہ رہا ہے۔سابق وزیراعظم نے ’جواب دینا پڑے گا‘ کے نعرے بھی لگوائے۔انہوں نے عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ یہ لوگ ہر معاملے میں کرپٹ ہیں ٗ قصے کہانیاں عوام جانتے ہیں ٗ آج کی اخبار پڑھ کر دیکھ لیں ٗ حضور ہم ایسے جان نہیں چھوڑینگے ٗ یا بتائیں تم نے یہاں کرپشن کی ہے ٗ اگر نہیں بتائیں گے تو پاکستان کے عوام تمہیں معاف نہیں کرینگے ٗ
یہ عوام کی خدمت کا صلہ دیا جارہا ہے ٗ جس نے لوڈشیڈنگ کے اندھیرے ختم کئے ٗ موٹر وے بنایا ٗ کوٹ مومن کو موٹر وے کے ساتھ ملایا ۔نوازشریف نے کہاکہ اب کبھی موقع ملا تو کوٹ مومن سے بھی موٹر وے آگے جائیگی اور انشاء اللہ گیس بھی آئے گی ۔انہوں نے کہاکہ آپ کو معلوم ہے نوازشریف کوئی وعدہ کرتا ہے تو پورا کرتا ہے ۔ نوازشریف نے کہاکہ یہ منظر بھی جی ٹی روڈ سے کم نہیں ہے ٗ آپ نے عدلیہ کی بحالی کیلئے نوازشریف کا ساتھ دیا تھا ٗاب عدل کی بحالی کیلئے نوازشریف کا ساتھ دوگے ؟ جس پر شرکاء نے نوازشریف کے حق میں جواب دیا جس پر نوازشریف نے کہاکہ انشاء اللہ وعدہ کرتا ہوں اگر آپ مجھے بھرپور مینڈیٹ دینگے تو میں انشاء اللہ گھر گھر ٗچوکھٹ چوکھٹ پر انصاف لے کر آؤنگا۔
انہوں نے کہاکہ چند دن پہلے اخبار میں پڑھا تھا کہ 26سالوں کی جیل کے بعد ایک ملزم مر گیا تو عدالت نے اپنے فیصلے میں بری کردیا ہے ٗ دادا کے زمانے میں کیس کیا جاتا ہے اور پوتے کے زمانے میں فیصلہ ہوتا ہے ٗ کیا یہ آپ کو منظور ہے؟ کیا انصاف کے دوہرے معیار منظور ہیں ؟۔ انہوں نے کہاکہ انصاف کا ایک ہی پیمانہ ہوناچاہیے ٗ سب کیلئے ایک قانون ہونا چاہیے ۔نوازشریف نے کہا کہ کوئی لاڈلہ ہونا چاہیے یا کسی کو دھتکار دیا جائے ایسا نہیں ہونا چاہیے ٗ بغیر کسی وجہ سے نا اہل کر دیں یا کسی کو اہل کر دیں دو پیمانے قوم کو منظور نہیں ۔نوازشریف نے کہاکہ عوام کی بھرپور شرکت سے محسوس ہوتا ہے کہ اگلا الیکشن انشاء اللہ مسلم لیگ (ن)جیتے گی انہوں نے کہاکہ کوئی مطالبہ ہے تو آج ہی کر دو ٗ انشا ء ا للہ اللہ نوازشریف کے ہاتھوں پورا کروائے گا ۔نوازشریف نے کہاکہ مجھے تم پر اتنا پیار آرہا ہے یہ سامنے نوجوانوں کی میری فوج کھڑی ہے جو پاکستان میں انقلاب بر پا کر ے گی ٗ نوازشریف جو کہتا ہے الحمد اللہ پورا کرتا ہے ۔نوازشریف نے کہاکہ 2018ء کے الیکشن بعد کیا چاہیے جس پر شرکاء یونیورسٹی کے نعرے لگائے نوازشریف نے کہاکہ یونیورسٹی دینگے ٗ نوازشریف نے آپ کے ساتھ وعدہ کیا ہے ٗ انشاء اللہ موٹر وے بھی بنے گی ۔