اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے تیسری شادی کر لی، تفصیلات کے مطابق ایک موقر قومی اخبار نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ عمران خان نے تیسری شادی کر لی ہے، رپورٹ کے مطابق عمران خان کا یکم جنوری 2018 کو لاہور کے علاقے ڈی ایچ اے سیکٹر وائے میں واقع ایک گھر جو کہ ان کے ایک دوست کا ہے میں نکاح پڑھایا گیا۔ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا نکاح تحریک انصاف کو کمیٹی کے رکن مفتی سعید نے پڑھایا،
عمران خان اور ریحام خان کا بھی نکاح انہوں نے ہی پڑھایا تھا، تحریک انصاف کی رہنما شیریں مزاری نے اس رپورٹ کو مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان نااہلی کیس میں سپریم کورٹ کی جانب سے کلین چٹ ملنے کی وجہ سے عمران خان کے ناقد ان پر کرپشن کا الزام نہیں لگا سکتے اسی لیے ان کی شادی کے حوالے سے کہانیاں بنائی جا رہی ہیں۔ ایک اور ٹوئٹ میں شیریں مزاری نے کہا کہ یہ عمران خان کا ذاتی معاملہ ہے۔ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے پولیٹیکل سیکرٹری عون چوہدری نے بھی اپنے ٹویٹ میں اس رپورٹ کی تردید کی اور اس خبر کو زرد صحافت قرار دیا۔ مفتی سعید جن کے بارے میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ انہوں نے عمران خان کا نکاح پڑھایا، اس حوالے سے خاموش ہیں۔ دریں اثناء سینئر صحافی عمر چیمہ نے دعویٰ کیا ہے کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے ایک بارپھر خفیہ شادی رچالی ہے اور اس بار ان کی دلہن وہ خاتون ہے جن کے پاس وہ روحانی رہنمائی کے لئے جایاکرتے تھے اور ان خاتون کی تصویر بھی سامنے آ گئی ہے۔واضح رہے کہ اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنماؤں نے عمران خان کی تیسری شادی کی تردید یا تصدیق کے بجائے اسے ان کا ذاتی معاملہ قرار دے دیا ہے۔ میڈیا میں عمران خان کی تیسری شادی کی خبروں کے حوالے سے شیریں مزاری نے اپنی ٹوئٹ میں کہا ہے کہ عمران خان کی شادی ان کا ذاتی معاملہ ہے، اس میں کسی کودخل دینے
کی ضرورت نہیں، عمران خان کب اور کس سے شادی کریں یہ ان کا اپنا فیصلہ ہے اور کسی کو اس میں مداخلت نہیں کرنی چاہیے۔ دوسری جانب لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران چوہدری سرور نے کہا کہ کسی کی ذاتی زندگی میں میرا یا تحریک انصاف کاکوئی عمل دخل نہیں، کیا عمران خان کو اپنی شادی کے لئے ریفرنڈم کرانا چاہئے، عمران خان کی شادی سے بڑھ کر اور بھی مسائل ہیں، ہمیں ان پر توجہ دینی چاہئے۔ اس موقع پر پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور تحریک انصاف کے رہنما میاں محمودالرشید نے ازراہ مذاق کہا کہ ہمارے دین میں 4 شادیاں جائزہیں۔ واضح رہے کہ عمران خان کی جمائما خان اور ریحام خان سے شادی ناکامی سے دوچار ہوچکی ہے۔ الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا میں یہ خبر گردش کررہی ہے کہ عمران خان نے یکم جنوری کو لاہور میں تیسری شادی کی ہے۔ عمران خان شادی سے قبل خاتون کے معتقد تھے۔