اسلام آباد(سی پی پی )صدر ممنون حسین کوترک صدر طیب اردگان نے فون کرکے امریکی دھمکیوں کے خلاف پاکستان کے ساتھ مکمل یک جہتی کا اظہار کیاہے ،ترک صدر کا کہنا تھا کہ پاکستان کی شاندار قربانیوں کے باوجود امریکی صدرکاطرزعمل ناپسندیدہ ہے،ترکی ہرقسم کے حالات میں پاکستان کیساتھ ہے۔طیب اردگان کا کہنا تھا کہ صدرٹرمپ کا ٹویٹ ناپسندیدہ اورپاکستان کی قربانیاں باوقار ہیں انسداددہشت گردی جنگ میں پاکستان کی قربانیاں شاندار ہیں،
پاکستان ،ترکی ہر طرح کی صورتحال میں شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ٹیلی فونک گفتگو میں صدر مملکت ممنون حسین کا کہنا تھا کہ پاکستان کے جذبات کی قدر نہیں کی گئی،نامناسب امریکی پیغام کا مناسب جواب دیا جائے گا،پاکستان رابطے اور تعاون کی پالیسی پر یقین رکھتا ہے۔صدر مملکت ممنون حسین نے اظہار یک جہتی پر طیب اردگان کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ ترک بھائیوں کے محبت بھرے پیغام سے فخر کا احساس ہوا۔