اسلام آباد(این ایل آئی)سابق وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ ان کا دورہ سعوی عرب کوئی عجوبہ نہیں ہے، لیکن اس دورے کے حوالے سے جو باتیں کی گئیں، ان باتوں سے ان پر نہیں بلکہ سعودی عرب سے تعلقات پر ظلم ہوا ہے۔احتساب عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو میں نواز شریف کا کہنا تھا کہ ‘مجھے تو اقامے کی بات کرکے فارغ کیا گیا، اس کے مقابلے میں عمران خان نے ایمنسٹی اسکیم (عام معافی) کا استعمال کیا اور اپنی آمدنی، جو انہوں نے پتہ نہیں کہاں سے
حاصل کی تھی، کی معافی مانگی’۔نواز شریف کا کہنا تھا کہ ‘عمران خان نے اپنے جرم کا اعتراف کیا لیکن جج صاحب نے کہا کہ ہم آپ کو معاف کرتے ہیں’۔سابق وزیراعظم نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین کو مخاطب کرکے کہا، ‘عمران خان صاحب آپ اقبال جرم کر بیٹھے ہیں، ایک تاریخ رقم ہوچکی ہے۔آپ نے کہا کہ مجھ سے جرم ہوگیا ہے، مجھے معاف کردیں، اگر آپ نے کوئی جرم نہیں کیا تو آپ نے معافی کیوں مانگی؟ اور اس پر ہمارا بینچ انہیں صادق اور امین ڈکلیئر کر رہا ہے’۔