اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور رانا ثناءاللہ سانحہ ماڈل ٹاؤن پر اپنی صفائی دینے اور قسم اُٹھانے کو تیار ہیں کہ یہ واقعہ منصوبہ بندی کے تحت نہیں ہوا، اس واقعے کے بعد خرم نواز گنڈا پور نے چار بار رانا ثناءاللہ سے ملاقات بھی کی جو کسی نتیجے پر نہ پہنچ سکی۔سانحہ ماڈل ٹاؤن کے بعد پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نےجھنگ سے تعلق رکھنے والے ایک مشترکہ دوست گل
شیر کے گھر لاہور میں دو بار ملاقات کی، جبکہ ایک بار خرم نواز نے 180 ایچ ماڈل ٹاؤن میں رانا ثناءاللہ سے ملاقات کی، جس میں پنجاب کی ایک اہم شخصیت بھی شامل تھی،چوتھی ملاقات رانا ثناء اللہ نے خرم نواز کے گھر پر ان سے کی تھی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ان ملاقاتوں کوراز میں رکھا گیااور ان ملاقاتوں میں معاملے کو حل کرنے کی بات ہوئی اور دیت ادا کرنے کا معاملہ بھی زیر غور آیا لیکن یہ ملاقاتیں کسی نتیجہ پر نہ پہنچ سکیں۔رانا ثناءاللہ نے ان ملاقاتوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ یہ واقعہ کسی منصوبہ بندی کے تحت نہیں ہوا اور اسی بناء پر وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور وہ ہر سطح پراپنی صفائی پیش کرنے اور قسم اٹھانے کو تیا رہیں۔ایک سوال کے جوا ب میں رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ معافی مانگنے کی کوئی گنجائش نہیں ہےکیونکہ اس واقعہ میں شہباز شریف اور ان کا کوئی تعلق نہیں اور نہ ہی کوئی منصوبہ بندی کی گئی تھی۔