لاہور ( این این آئی) پاکستان کے انڈس واٹر کمشنر آصف بیگ مرزا نے کہا ہے کہ پاکستان نے 5آبی منصوبوں پر اعتراض اٹھاتے ہوئے بھارت کو خط لکھ دیا ہے ،بھارت سے پانی چوری کانہیں،پانی کے بہاؤ پرکنٹرول کا تنازع ہے،مذاکرات کیلئے بھارت کے جواب کے منتظر ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز لاہور میں منعقدہ ایک تقریب میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی منصوبے سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی ہیں،پاکستان نے بھارت کے5 آبی منصوبوں پر اعتراص اٹھایاہے
اور اس حوالے سے بھارت کو خط بھی لکھ دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کشن گنگا ڈیم کی تعمیرسے10فیصد پانی متاثرہوا ہے،بھارت عالمی بینک کو تسلی بخش جواب نہیں دے سکا،بھارت عالمی ثالثی عدالت میں غیرجانبدارانہ ایکسپرٹ کی تعینانی کاکہہ رہاہے۔آصف بیگ نے کہا کہ بھارت سے پانی چوری کانہیں،پانی کے بہاؤ پرکنٹرول کا تنازع ہے، مذاکرات کے لئے بھارت کے جواب کے منتظر ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نیلم جہلم پراجیکٹ تاخیرکی وجہ سے10فیصد پانی سے محروم ہوا۔