اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) سابق وزیراعظم نوازشریف کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے خود آف شور کمپنیوں کی ملکیت قبول کی لیکن جج اسے کہتے ہیں کہ یہ آپ کے اثاثے نہیں بلکہ یہ نواز شریف کے ہیں، تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے مسلم لیگ (ن) کے میڈیا کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم سے اس وقت سے حساب لیا جا رہا ہے جب میں کالج کا سٹوڈنٹ تھا اور اس وقت میرے پاس کوئی عہدہ بھی نہیں تھا، ایسے نہیں چلے گا۔
سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے اس موقع پر کہا کہ مجھ سے تو ماڈل ٹاؤن کی اس رہائش گاہ اور اتفاق فاؤنڈری کا بھی حساب مانگا جا رہا ہے جو 1969سے ہماری ملکیت ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ جہاں مریم نواز پیدا ہوئی مجھ سے اس رہائش گاہ کا حساب بھی مانگا جا رہا ہے، میڈیا کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے عمران خان پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ لاڈلے سے صرف پانچ سال تک کا حساب مانگا جا رہا ہے، نواز شریف نے کہا کہ ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے۔