اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کے معاملے پرپاکستان نے بھارت کو ڈیڈلائن دے دی۔نجی ٹی وی کے مطابق ڈیڈ لائن سے متعلق بھارتی ہائی کمیشن کو بھی آگاہ کردیا گیا ہے۔اعلیٰ سفارتی ذرائع نے بتایا کہ پاکستان نے کلبھوشن یادیو کی اہل خانہ سے ملاقات کی تمام تیاری مکمل کرلی ہے، لیکن بھارت کلبھوشن کی والدہ اور اہلیہ سے ملاقات کرانے کے معاملے پر ٹال مٹول سے کام لے رہا ہے اور اس نے تاحال معلومات فراہم
نہیں کیں کہ وہ کب اور کس فلائٹ کے ذریعے اسلام آباد پہنچیں گے۔ذرائع کے مطابق کلبھوشن کے دو بچے ہیں لیکن بھارت نے یہ بھی نہیں بتایا کہ کیا کیا بچے بھی پاکستان آئیں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان نے معلومات کی فراہمی کیلئے ہفتہ کی رات تک کی حتمی ڈیڈ لائن دیتے ہوئے بھارتی ہائی کمیشن کو مطلع کردیا ہے۔سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ ہفتہ کی رات تک مطلوبہ معلومات نہ ملی تو 25 دسمبر کو کلبھوشن کی اس کے اہلخانہ سے ملاقات کرانا مشکل ہوجائے گا۔کلبھوشن یادیو کو دفتر خارجہ میں لانے اور دیگر سیکیورٹی معاملات کے لیے وقت درکار ہے۔دوسری جانب پاکستان نے بھارتی جاسوس کی اس کے اہلخانہ سے ملاقات کی تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔سیکیورٹی اور ٹریفک اہلکار دفتر خارجہ کے اندر اور باہر تعینات کردیئے گئے ہیں۔واضح رہے کہ کلبھوشن یادیو کی والدہ اور اہلیہ کو 24 سے 26 دسمبر کے ویزے جاری کر دیئے گئے ہیں۔ویزے صرف اسلام آباد کے لیے جاری کیے گئے ہیں اور کلبھوشن سے ان کی ملاقات کا دورانیہ 15 منٹ سے 1 گھنٹے کے درمیان ہوگا۔ملاقات کے دوران بھارتی ہائی کمیشن کا ایک سفارتکار موجود ہوگا جس کی تفصیلات کا تبادلہ تاحال نہیں کیا گیا، جبکہ دفتر خارجہ کے ایک سے دو افسران بھی موجود ہوں گے۔ذرائع کے مطابق بھارتی جاسوس کی والدہ اور اہلیہ چاہیں تو میڈیا سے بات کر سکیں گی، بھارتی ہائی کمیشن یا اسلام آباد میں کہیں بھی جاسکیں گی جبکہ کلبھوشن کی والدہ اور اہلیہ سے ملاقات آخری نہیں ہوگی۔