اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)نواز شریف نے پشتونخواہ ملی عوامی پارٹی کے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محمود خان اچکزئی کے والد نے اپنی کتاب میں اپنے دورہ افغانستان کے حوالے سے یادداشتوں میں لکھا ہے کہ
افغانستان کی سڑکیں دیکھ کر میری خواہش ہوتی ہے کہ کاش پاکستان میں بھی ایسی ہی سڑکیں ہوں، میں آج اس جلسہ میں محمود خان اچکزئی آپ کو بتانا چاہتا ہوں کہ آج ہم نے پاکستان میں خطے کی بہترین سڑکیں بنا دی ہیں ۔ ہم چاہتے ہیں کہ افغانستان بھی ترقی کرے، پاکستان بھی ترقی کرے ،یہ خطہ بھرپور ترقی کرے۔ مجھے بلوچستان کے عوام پر فخر ہے اور میں اسی لئے آج یہاں آپ کو اپنے خلوص سے متعلق آگاہ کرنے آیا ہوں، بلوچ عوام نے نا انصافی اور سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے۔ میں آپ کی جرأت اور بہادری کو سلام پیش کرتا ہوں۔ ہمارے دور حکومت میں بلوچستان میں شروع ہونے والی ترقی کی مثال تاریخ میں نہیں ملتی، کیا بلوچستان کے عوام آج سے چار سال پہلے کا منظر بھول گئے جب بلوچستان میں کچھ نہیں ہوتا تھا جبکہ آج مثالی ترقی ہو رہی ہے۔ گوادر سے کوئٹہ تک سڑک بن چکی ہے، پہلے یہ سفر چوبیس گھنٹے میں طے ہوتا تھا اب فجر کی نماز گوادر اور ظہر کی کوئٹہ میں پڑھی جا سکتی ہے۔