راولپنڈی (آن لائن)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے باجوڑایجنسی میں پاک افغان بارڈر کا دورہ کیا ، آرمی چیف کو سرحد پار سے در اندازی روکنے کے اقدامات پر بریفنگ دی گئی ۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے باجوڑ ایجنسی میں پاک افغان سرحد کا دورہ کیا جہاں آرمی چیف نے پاک فوج کے جوانوں سے ملاقات بھی کی ، آرمی چیف کو سرحد پر بار لگانے اورنئے قلعوں کی تعمیر پر بھی بریفنگ دی گئی
۔ اس سے متعلق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے خیبر پختونخوا اور فاٹا کے علماء کرام سے بھی ملاقات کی ، ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ امن و استحکام میں علماء کا کردار اہم ہے، ملک میں قیام امن کیلئے علماء کرام پاک فوج سے تعاون کررہے ہیں۔ پاکستان سب پاکستانیوں کا ہے تمام پاکستانی بلا رنگ و نسل مذہب و فرقہ پاکستان کو اپنی پہچان بنائیں ، علماء کرام سے آرمی چیف کی ملاقات کے موقع پر کور کمانڈر پشاور بھی موجود تھے۔