اسلام آباد(آئی این پی) وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو بذریعہ اشتہار 10 دن میں احتساب عدالت کے سامنے پیش ہونے کا حکم جاری کر دیا گیا۔ اشتہار میں کہا گیا ہے کہ مفرور ملزم اسحاق ڈار 10 دن میں پیش نہ ہوا تو اشتہاری ملزم قرار دے دیا جائے گا۔اسلام آباد کی احتساب عدالت نے اشتہار 21 نومبر کو جاری کیا۔ دس دن کی مہلت کل مکمل ہو جائے گی۔ اسحاق ڈار کے خلاف اثاثہ جات ریفرنس کی آئندہ سماعت 4 دسمبر کو ہو گی۔
عدالت نے اسحاق ڈار کے ضامن اور نیب کو بھی نوٹس جاری کر رکھا ہے۔ ضامن سے پوچھا گیا ہے کہ وہ بتائے کہ اسحاق ڈار کی عدم حاضری پر 50 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے کیوں نہ ضبط کر لیے جائیں۔وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی بذریعہ اشتہار طلبی کا نوٹس احتساب عدالت کے نوٹس بورڈ پر بھی آویزاں کر دیا گیا۔ عدالت نے اسحاق ڈار کے ضامن کو جواب داخل کرانے کے لیے آج طلب کر رکھا ہے۔