لاہور ( نیوزڈیسک) پانامہ لیکس کے فیصلے سے غیر ملکی سرمایہ کار خوف کا شکار ہوئے ہیں۔ چائنیز جوائنٹ کوآپریشن کمیٹی کے ارکان بھی پاکستان کو غیر مستحکم ملک قرار دے چکے ہیں۔پانامہ کیس کے فیصلے پر نظر ثانی اپیل کی جلد سماعت کیلئے سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں درخواست دائر کردی گئی ۔بیرسٹر ظفر اللہ خان کی طرف سے دائر درخواست میں
سابق وزیر اعظم نواز شریف، چیئرمین نیب، سیکریٹری قانون، سیکریٹری داخلہ اور ایف بی آر کو فریق بنایا گیا ہے۔درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ پانامہ لیکس سے متعلق 20 اپریل کے عدالت عظمی کے فیصلے اور جے آئی ٹی رپورٹ سے عوام میں ابہام پیدا ہوئے ہیں۔ سویلین حکومت کے تابع سول اور ملٹری افسران، وزیراعظم کے خلاف کیسے رپورٹ دے سکتے ہیں۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ پانامہ لیکس کے فیصلے سے ملک سیاسی، معاشی، اخلاقی اور مذہبی عدم استحکام کا شکار ہوا ہے۔ پانامہ لیکس کے فیصلے سے غیر ملکی سرمایہ کار خوف کا شکار ہوئے ہیں۔ چائنیز جوائنٹ کوآپریشن کمیٹی کے ارکان بھی پاکستان کو غیر مستحکم ملک قرار دے چکے ہیں۔درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ پانامہ لیکس سے متعلق وزیر اعظم کی نااہلی کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے۔